کشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے انتخابی ڈرامے کو مسترد کر کے کر دیا ہے‘ وزیر جنگلات

کشمیر کے نہتے اور بے گناہ انسانوں کو اپنے حق مانگنے کی پاداش میں زندہ رہنے کے حق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے‘سردار میر اکبر خان

جمعرات 18 اکتوبر 2018 13:52

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) وزیر جنگلات وائلڈلائف و فشیرز آزاد کشمیرسردار میر اکبر خان نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری موت اور تباہی کے نہ ختم ہونے والے بھیانک کھیل نے عام نوجوانوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر منان وانی جیسے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان کو بھی یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں آزادی کے ساتھ رہنا ہے یا شہادت کو قبول کرنا ہے بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے آزادی کی تحریک کے نوجوان ہیرو منان وانی کی شہادت اہل کشمیر کے لیے نا قابل تلافی نقصان ہے عظیم کشمیری حریت پسند ڈاکٹر منان وانی شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیںکشمیریوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے انتخابی ڈرامے کو مسترد کر کے کر دیا ہے حریت قائدین اور بہادر کشمیری عوام کو بھارت کے تحت پنچائتی انتخابات مسترد کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں بھارتی وزیراعظم مودی نے عام انتخابات سے قبل مقبوضہ کشمیر میں جو ڈرامہ رچایا ہے اسے کشمیری عوام نے مسترد کر کے دنیا کو یہ پیغام دے دیا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر پر جبر اور ظلم کے ذریعے اپنا نظام نافذنہیں کر سکتا بھارت نے ظلم و بربریت کی تمام حدود کو پار کر لیا ہے اور کشمیر کے نہتے اور بے گناہ انسانوں کو اپنے حق مانگنے کی پاداش میں زندہ رہنے کے حق سے بھی محروم کیا جا رہا ہے مجید وانی سے لے کر برہان مظفر وانی اور اب ڈاکٹر منان وانی تک آزادی و حریت کے عظیم جذبوں اور باوقار موت کی ایک ایسی عظیم داستان ہے جو کشمیر کے نوجوان کے جذبوں کوتازگی بخشتی رہے گی بھارت کے حکمران اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیںاور مسلسل ایسے اقدامات کر رہے ہیں جو خود بھارت کے اپنے آئین اور بانیان ہند کے اُصولوں کے منافی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹیلی ویثرن سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں کو بھارت کے استعماری جبر نے دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے ۔انہوں نے ڈاکٹر منان وانی کی شہادت کو نا قابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹریٹ کی ڈگری رکھنے والے اس اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان کی شہادت نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا کہ کشمیر میں جاری تحریک جائز ، منصفانہ اور عالمی اُصولوں کے مطابق ہے ا ور اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے اُن نے مذید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ بھارت کے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کو اُن کا جائزہ اور انصاف پر مبنی حق خود ارادیت دیں ۔

انھوںنے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور فوری طور پر ظلم وستم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکمرانوں کے ہاتھ کشمیر یوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اور ایک دن شہید کا لہو ضرور رنگ لائے گا اورکشمیر میں آزادی کا سورج ضرور طلو ع ہوگا اور وہ دن دور نہیں کہ کشمیر یوں کا ان کا حق خوداردیت مل کر رہے گا اور کشمیر ی عوام آزاد فضائوں میں سانس لے سکے گے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو خود بھارت کے اندر سے اُٹھنے والی سنجیدہ آوازوں کو سننا چاہیے اور کشمیری عوام کو اُن کاجائز حق فوری طور پر دے کر خطہ میں امن کی راہ ہموار کرنی چاہیے .انہوں نے انتخابی ڈرامے کے خلاف جاری مہم کے دوران حریت قائدین اور کارکنوں کی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارتی حکومت کی بو کھلاہٹ قرار دیا۔

انہوں نے تمام گرفتار قائدین اور سیاسی کارکنوں کی فوری رہائی ان کے خلاف قائم بلا جواز مقدمات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی اور حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ اور کوئی انتخابات استصواب رائے یا حق خود ارادیت کا متبادل نہیں ہو سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مظالم اور سازشیں کشمیری عوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں وہ اپنی تحریک آزادی ہر حال میں جاری رکھیں گے جس کا منطقی نتیجہ الحاق پاکستان ہے -

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں