جامعہ کشمیر ، 24اکتوبریوم تاسیس کو کاروان حق خودارادیت پروگرام کا اعلان

ابتدائی سیشن میں صدر سردار محمد مسعود خان جبکہ اختتامی تقریب میں وزیر اعظم راجا فاروق حیدر مہمان خصوصی ہونگے یونیورسٹی امسال بھی اس دن کو مسئلہ کشمیر کے تناظر میں با معنی طریقے سے منانے کیلئے پرعزم ہے،وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:52

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) آزادجموںوکشمیر یونیورسٹی اور جموںوکشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام24اکتوبر آزاد حکومت ریاست جموںوکشمیر کے یوم تاسیس کو ایک خصوصی پروگرام کاروان حق خود ارادیت منانے کا اعلان ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کاروان حق خودارادیت پروگرام کا مکمل شیڈول جاری کردیا۔

24اکتوبر کاروان حق خودارادیت پروگرام کے 5مختلف سیشن پر مشتمل ہوگا۔جسکی افتتاحی تقریب میں صدر ریاست سردار محمد مسعود خان اوراختتامی تقریب میں وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان مہمان خصوصی ہونگے۔ ترجمان جامعہ کشمیر کے مطابق آزادجموںوکشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی زیرصدارت کاروان حق خودارادیت پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے کہا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی جامعہ کشمیر 24اکتوبر کے دن کو مسئلہ کشمیر کے تناظر میں با معنی اور باوقار طریقے سے منانے کیلئے پرعزم ہے، اس اہم نوعیت کے پروگرام میں سیاسی شخصیات، بیوروکریسی، علما ومشائخ ،سول سائٹی اور تاجروں کے نمائندگان ،اساتذہ کرام اور طلبہ کو مدعو کیا گیا ہے۔

اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر محمدرفیق، پروفیسر ڈاکٹر عبدالقادر، میرعدنان الرحمن،ڈاکٹر بلال عباسی اور آمنہ عزیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں 24اکتوبر ریاست کے یوم تاسیس کو کاروان حق خودارادیت کے تقریبات کے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔ کاروان حق خودارادیت کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 24اکتوبر کاروان حق خودارادیت کی تقریب کا آغاز دن 11بجے چہلہ کیمپس میں ہوگا۔

افتتاحی تقریب میں صدر آزادکشمیر سردار محمد مسعود خان مہمان خصوصی ہونگے۔جبکہ تقریب کا پہلا سیشن جسے بانیان آزادکشمیر نوجوانوں کی آواز کے عنوان سے نام دیا گیا ہے اس سیشن کا آغاز 12;20پر ہوگا جس میں ویمن یونیورسٹی آف باغ، آزادجموںوکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد، میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، یونیورسٹی آف پونچھ راولاکوٹ اور یونیورسٹی آف کوٹلی کے طلبہ شریک ہونگے۔

تقریب کے دوسرے سیشن کا نام مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 35اے کی تنسیخ کے عنوان سے ایکڈمک سیشن ہوگا جبکہ تیسرے سیشن جسے موجودہ حالات کے تناظرمیں تنازعہ کشمیرممکنہ حل کا نام دیاگیاہے اس میں وزیر اطلاعات مشتاق منہاس، آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنو نئیر فیض نقشبندی، جماعت اسلامی کے سابق امیر عبد الرشید ترابی، تحریک انصاف کے رہنما سابق وزیر خواجہ فاروق احمد، جموںوکشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم، آل جموںوکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان شریک ہونگے۔

پروگرام کی اختتامی تقریب میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان بطور مہمان خصوصی شریک ہونگے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی ہدایت پر مذکورہ تقریبات کو کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔مذکورہ تقریب کے انعقاد کیلئے وائس چانسلر جامعہ کشمیر نے ڈین فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل کی سربراہی میں ایک کور کمیٹی اور مختلف سب کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں