آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس، متعدد قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں

بھارتی فورسز کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے،قرارداد اجلاس میں وزیراعظم آزادکشمیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت جمعرات کے روز وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعدد قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں ۔ قراردادوں میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس شہید کشمیر ڈاکٹر منان وانی شہید کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔

بھارتی فوج نے جس بہیمانہ انداز میں ایک پی ایچ ڈی سکالر حریت پسند کو شہید کیا بھارتی فوج کا یہ اقدام انتہائی قابل مذمت ہے۔اجلاس بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔بانڈی پورہ میں بھارتی فورسز کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

بھارت جس طرح کشمیریوں کو کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اجلاس اس پر سخت تشویش کا اظہار کرتا ہے۔اجلاس اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں اور مہذب اقوام سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بھارتی فوج کی جانب سے اس جنونیت کا نوٹس لے اور کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم ختم کرانے کے لیے عملی اقدامات کرے ۔اجلاس مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے زیر انتظام کروائے جانے والے ڈھونگ پنچایتی(بلدیاتی) انتخابات کو مسترد کرتا ہے ۔

مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور غیور عوام نے ان انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کر کے دنیا پر یہ واضح کر دیا کہ کشمیری بھارت کے زیر اہتمام کسی بھی قسم کے انتخابی عمل کو نہیں مانتے اور نہ ہی اس میں حصہ لیں گے ۔اجلاس حریت قیادت کو ٹھوس موقف اپنانے اور بھارتی فوج کے ان ڈھونگ انتخابات کو مسترد کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے ۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس پاکستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو جاندار اور مدلل انداز میں پیش کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کے اجلاس میں حکومت پاکستان کے نمائندے کی جانب سے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو جانچنے کے لیے کمیشن مقرر کرنے کا مطالبہ درست ہے جس پر عالمی ادارے کو فوری کارروائی کرنی چاہیے۔اجلاس اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کو حل کرانے کے لئے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔

اجلاس بھارتی فوج کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر اور ان کے ساتھیوں کے ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتا ہے۔بھارتی فوج نے ایسے وقت میں سویلین ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا جب وزیراعظم راجہ فاوق حیدر دیگر وزراء کیساتھ کنٹرول لائن کے علاقے میں تھے۔قومی اسمبلی میں جس طرح مشترکہ قراداد کے ذریعے واقعہ کی شدید مذمت کی گئی ،تمام سیاسی جماعتوں نے واقعہ پر جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور جس طرح بین الاقوامی میڈیا نے اس واقعہ کی کوریج کی اس سے دنیا پر بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈہ آشکار ہو گیا۔

اجلاس اس سلسلے میں کشمیری قوم کی جانب سے پاکستانی قوم ،حکومت ،تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔ایک قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہے۔اجلاس سمجھتاہے کہ نیب جس جانبدارانہ انداز میں اپنی کارروائیاں کر رہا ہے اس سے ملک میں نظام انصاف کو دھچکا پہنچا ہے۔

پارلیمنٹ کے معزز رکن کی انتہائی عجلت اور بغیر کسی پیشگی نوٹس کے گرفتاری سے خود پارلیمنٹ کی ساکھ مجروح ہوئی ہے۔اجلاس تمام سیاسی قوتوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ انتقامی سیاست سے گریز کرتے ہوے ایک د وسرے کو برداشت کرنے کا حوصلہ پیدا کریں اور یوں انصاف کے نام پر عدل کا قتل عام نہ کیا جائے۔البتہ ان کے Protection Orderپر سپیکر کو مبارباد پیش کرتا ہے ۔

ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسر سمیت اہلکاروں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔اجلاس سمجھتا ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی قربانیاں دی ہیں جن کی وجہ سے نہ صرف ملک اس لعنت سے پاک ہوا بلکہ عالمی سطح پر اس کا اعتراف کیا گیا۔

اجلاس پاک فوج کے جذبے اور عزم کو سراہتا ہے۔ اجلاس غوری بیلیسٹک میزائل کے کامیاب تجربے پر پوری قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہے۔1300 کلومیٹر تک مار کرنیوالے غوری میزائل کے کامیاب تجربے نے جہاں ایک طرف دفاعی نظام کو مزید مضبوط بنایا ہے وہیں دوسری طرف پاکستان کے خلاف سازشیں بننے والے عناصر کی امیدیں خاک میں ملا دی ہیں۔اجلاس آرمی سٹریٹیجک فورس سمیت تمام سائنسدانوں اور انجینئرز کو کامیاب تجربے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس انڈونیشیاء میں زلزلے سے ہو نے والے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتا ہے۔برادر ملک میں انسانی جانوں کا ضیاع ایک المیہ ہے۔اجلاس دعاگو ہے کہ اللہ تعالی زلزلے میں جاں بحق افراد کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کی مشکلات میں آسانیاں فرمائے، آمین۔ایک اور قراراداد میں کہا گیا کہ ا جلاس بعض طاقتیں جو ہندوستان کے ساتھ اسلحہ کی فراہمی کے معاہدات کررہی ہیں اس کی مذمت کرتا ہے ۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوے ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے ان کے ویژن پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اظہار کرتا ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں