آزادجموں وکشمیر کابینہ کااجلاس

اوورلوڈنگ کے خاتمے اور نو تعمیر شدہ شاہرات کے تحفظ کیلئے موٹر وہیکل ترمیمی آرڈیننس ،آزادکشمیر میں صنعتوں کے فروغ اور اس شعبہ سے وابستہ افراد کی سہولت کیلئے آزادکشمیر فیکٹریز ایکٹ 2018کی منظوری دیدی

جمعرات 18 اکتوبر 2018 20:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کابینہ نے اوورلوڈنگ کے خاتمے اور نو تعمیر شدہ شاہرات کے تحفظ کیلئے موٹر وہیکل ترمیمی آرڈیننس ،آزادکشمیر میں صنعتوں کے فروغ اور اس شعبہ سے وابستہ افراد کی سہولت کیلئے آزادکشمیر فیکٹریز ایکٹ 2018کی منظوری دے دی ہے، کابینہ نے آئندہ سال کو سیاحتی سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ آزادکشمیربنک کو 2020تک شیڈول کا درجہ دینے اور بنک کی 100برانچز کے قیام کا ہدف دیا ہے ،کشمیر بنک کی ترقی کے لیے 2کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں ،کابینہ اجلاس میں آزادکشمیر کے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے سیلف فنانس میں رد و بدل کی منظوری دی ہے اب سیلف فنانس پر اوورسیز کے لیے 10اور مقامی امیدواران کے لیے سیلف فنانس کی 5سیٹس رکھنے کی منظوری دی ہے جبکہ میڈیکل کالجز سے فارغ التحصیل ہونے والے ڈاکٹرز کی ڈگری 2سال تک آبائی سٹیشن پر خدمات سرانجام دینے سے مشروط کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

آزاد جموں و کشمیر کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ،وزیر برقیات راجہ نثار احمد خان ،وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی ،وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان،وزیر سماجی بہبود محترمہ نورین عارف،وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس ،وزیر خوراک سید شوکت علی شاہ ،وزیر بحالیات ناصر حسین ڈار،وزیر قانون و پارلیمانی امور چوہدری جاوید اختر ،وزیر زکوٰةو عشر چوہدری محمد یاسین گلشن ،وزیر جیل خانہ جات چوہدری محمد اسحاق ،وزیر منصوبہ بندی و ترقیات وقار احمد نور،مشیر حکومت چوہدری شہزاد ،چیف سیکرٹری آزادکشمیر ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ،سیکرٹری مالیات ،سیکرٹری قانون سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹریز اور سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔

کابینہ اجلاس میں اراکین کو کشمیر بنک سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ بنک میں 9ارب 54کروڑ روپے کے ڈیپازٹس موجود ہیں جبکہ بنک کا منافع 94کروڑ روپے ہے کشمیر بنک کے اثاثہ جات میں اضافے کے لیے جاندار اقدامات کے لیے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق اور بنک کے انتظامی معاملات میں بہتری کے لیے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے کشمیر بنک کے اثاثہ جات میں اضافے کے لیے اوورسیز کمشنرز کی خدمات لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے انتظامی کمیٹی کو ٹارگٹ دیا گیا ہے کہ وہ جون 2019تک بنک کے انتظامی معاملات میں بہتری لائے کابینہ کو جوڈیشل پالیسی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی نئی جوڈیشل پالیسی کے نفاذ سے عدل و انصاف کی بروقت فراہمی میں بہتری آئے گی حکومت آزادکشمیر کی طرف سے تشکیل کردہ کمیٹی کی طرف سے جاندارجوڈیشل پالیسی مرتب کی گئی ہے ۔

کابینہ اجلاس میں سابق صدور کی پنشن میں اضافے کے ترمیمی آرڈیننس کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت سابق صدور کی پنشن کی حد 20ہزار سے 30ہزار سے بڑھا کر 40سے 75کے درمیان کرنے کے ترمیمی آرڈینینس کی بھی منظوری دی گئی ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں