24اکتوبر کشمیری عوام کی ایک تاریخی جدوجہد کے سفر کا سنگ میل ہے ،سردار عتیق احمد خان

مجاہدین آزادی کی عظیم قربانیوں کے باعث ہی آزاد کشمیر کایہ خطہ آزادی جیسی نعمت سے ہمکنار ہو،سابق وزیر اعظم

منگل 23 اکتوبر 2018 16:38

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2018ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نی71ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ24اکتوبر کشمیری عوام کی ایک تاریخی جدوجہد کے سفر کا سنگ میل ہے جب نہتے لوگوں نے ڈوگرہ حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مجاہدین آزادی کی عظیم قربانیوں کے باعث ہی آزاد کشمیر کایہ خطہ آزادی جیسی نعمت سے ہمکنار ہوا۔

انہوں نے کہاکہ اسلاف کی ان قربانیوں کو یاد رکھنا اور اعتراف کرنا ہی قوموں میں مزید جوش و جذبہ عطا کرسکتا ہے اور وہ مقصد کے حصول کے لئے جدوجہد جاری رکھ سکتی ہیں ۔ 23اگست 1947ء کو نیلہ بٹ کے مقام سے اٹھنے والی تحریک کے نتیجہ میں صرف ڈیڑھ سال کے عرصہ میں 32ہزار مربع میل آزاد کشمیر گلگت بلتستان سمیت علاقہ آزاد کروا کر 24اکتوبر کو پلندری کے قریب جونجال ہل کے مقام پر آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کی بنیاد رکھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں کولگام واقعہ کا نوٹس لیکر بھارتی فوجیوں پر جنگی جرائم کے تحت مقدمات چلائے ۔ بھارت کے فوجی یونہی بے لگا رہے تو کشمیر قبرستان بن کر رہ جائے گا۔ دریں اثناء گزشتہ روز استقبال کیلئے آئے ہوئے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور غیور عوام بھارت سے کوئی نیا مطالبہ اور حق نہیں مانگ رہے بلکہ وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم کردہ حق مانگ رہے ہیں جسے دینے کا وعدہ بھارت کے پہلے وزیراعظم پنڈت نہرو متعدد بار کرچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگر کشمیر کے مسئلے کو یونہی حل طلب چھوڑا گیا تو جنوبی ایشیاء کا امن مسلسل خطرات کی زد میں رہے گا اور بیرونی دنیا کیلئے اس خطے میں تجارت اور سرمایہ کاری ایک خواب ہی رہے گی ۔ دریں اثناء صدر مسلم کانفرنس دو روزہ مظفرآباد دورے پر کوہالہ پہنچے جہاں مسلم کانفرنسی کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا ۔ رابطہ عالم اسلامی کا تاحیات ممبر منتخب ہونے اور سعودی عرب کے کامیاب دورے پر مبارکبادیں دی گئیں ‘ ہار پہنائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔

انہیں کوہالہ سے مظفرآباد تک بڑے قافلہ کی صورت میں لایا گیا ۔ کوہالہ کے مقام پر سابق امیدوار اسمبلی میر عتیق الرحمان ، راجہ ثاقب مجید ، شیخ مقصود ، انصر پیرزادہ ،سمعیہ ساجد ، خواجہ محمد شفیق ،یاسر نقوی ، سجاد انور عباسی ، مشتاق قریشی ، بشارت مغل ،کوثر پروین ایڈووکیٹ ، شوکت عباسی ایڈووکیٹ ، راجہ گل مجید خان ایڈووکیٹ ، ایم ایس ایف اور یوتھ کے کارکن قذافی الطاف ، راجہ افتخاراکرم ، راجہ محسن مجید ، سید عقیل نقوی ، سجاد سلہریا ، راجہ بشیر خان اور دیگر نے شاندار استقبال کیا ۔ صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان آج 71ویں یوم تاسیس کے حوالہ سے جامعہ کشمیر میں تقریب سے خطاب کرینگے ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں