مظفرآباد‘بااثر سیاسی شخصیت کو نوازے کیلئے سینکڑوں کنال زرعی و آبی رقبہ بنجر‘سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کی پھکی

بدھ 14 نومبر 2018 12:41

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2018ء) محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے کمیشن مافیا نے گریٹرواٹرسپلائی سکیم لنگرپورہ سیٹلائیٹ ٹائون کے ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے بااثر سیاسی شخصیت کو نوازے کے لئے سینکڑوں کنال زرعی و آبی رقبہ بنجر اورسرکاری خزانے کو کروڑوں روپے کی پھکی دینے کامنصوبہ بناتے ہوئے غریب عوام کو معاشی بدحالی میںدھکیلنے کی منصوبہ بندی کرلی ،تفصیلات کے مطابق عوام علاقہ ہوتریڑی ڈوبہ کے سیاسی وسماجی رہنمائوں سید عارف گیلانی ،امجد قریشی ،جمعہ خان سمیت دیگر کا کہنا ہے کہ حکومت آزادکشمیر گریٹر واٹر سپلائی سکیم لنگرپورہ کے عوامی منصوبے کو عوام دشمن منصوبے کے بجائے عوام دوست منصوبہ بنانے کے اقدامات کریں، زلزلہ متاثرہ مظفرآباد کے عوام کے لئے قائم کئے گئے سیٹلائیٹ ٹائون لنگرپورہ کیلئے حکومت آزادکشمیر نے گریٹر واٹر سپلائی سکیم کے ذریعے 13کلومیٹر روڈہوتریٹری ڈوبہ نالہ سے صاف پانی کی پائپ لائن کے ذریعے لانے کی منظوری دی ہے جس جگہ سے پانی ٹینک بنانے کے منصوبہ بندی متعلقہ محکمہ نے کی ہے وہ صرف ایک بااثر سیاسی شخصیت کی زمین مظفرآباد شہر کے کمرشل نرخوں پر خرید کر اس شخصیت کو کروڑوں روپے کامالی فائدہ پہنچانے کی منصوبہ بندی ہے جبکہ اس علاقہ کے عوام اپنی زمینوں میںگندم ،مکئی پیدا کرکے نالہ میں قائم پن چکیوں سے آٹا پسوائی کراکر گزر بسر کرتے ہیںجبکہ آبی زمین میں چاول کی فصل زمینداروںکی سال بھر کے غلہ کی ضرورت پوری کرتی ہے ،عوام علاقہ نے وزیراعظم آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ کے عوام دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے سینکڑوں کنال اراضی کو بنجر بنانے سے روکا جائے اورواٹرسپلائی سکیم کیلئے پانی ایسی جگہ سے حوض میں ڈالا جائے جہاں پن چکیاں اورزرعی اراضی متاثر نہ ہوں بصورت دیگر عوام علاقہ اس منصوبہ کی تعمیر میں بھرپور مزاحمت کرنے پر مجبور ہوں گے ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں