آزادکشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن کی کال پر اساتذہ کا تعلیمی اداروں کا بائیکاٹ

پیر 10 دسمبر 2018 18:17

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) آزادکشمیر سکول ٹیچرز آرگنائزیشن کے چارٹر آف ڈیمانڈ پرعملدرآمد نہ ہونے پر آزادکشمیر بھر میں اساتذہ کا تعلیمی اداروں کا بائیکاٹ کیا ۔دارالحکومت مظفرآباد ، نیلم،ہٹیاں بالا ،راولاکوٹ، میرپور،کوٹلی، پلندری، بھمبر، حویلی میں اساتذہ نے تدریسی سرگرمیوں کا بائیکاٹ کیا ۔

آزادکشمیر سکولز ٹیچرز آرگنائزیشن کی مرکزی قیادت نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلہ میں کلاسز کا بائیکاٹ دوسرے مرحلہ میں 13دسمبر کو علی اکبر اعوان سکول میں چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کے لیے احتجاجی جلسہ منعقد ہوگا۔ پھر بھی مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں سیکرٹری مالیات کے دفتر کا گھیرائو اور دھرنا دیں گے۔

(جاری ہے)

سکول ٹیچرز آرگنائزیشن کے مرکزی صدر عارف شاہین، مرکزی نگران محبوب اعوان، جنرل سیکرٹری راجہ مجیب الرحمن،چوہدری نیاز،سردار انور اور دیگر نے کہا کہ وزیراعظم ، وزیر تعلیم، چیف سیکرٹری کے ساتھ ملاقاتوں میں ہمارے مطالبات جائز قرار دے چکے ہیں۔نوٹیفکیشن جاری نہیں ہورہا ہمارے جائز مطالبات ہیں گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی پرائمری ٹیچرز کو 7سے 14سکیل ،جونیئر ٹیچرز کو 9 سے 16، سینئر ٹیچرز کو 16سے 17سکیل دیا جائے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں