آزاد کشمیر کابینہ نے دفتر ی اوقات کار میں بھی تبدیلی کی منظوری دے دی، آئندہ تین ماہ کے لیے سیکرٹریٹ کی سطح پر پیر تا جمعہ صبح 8بجے سے شام 4بجے تک دفتر کھلے رہیں گے

چیف الیکشن کمشنر ترمیمی ایکٹ اور کوٹلی یونیورسٹی ترمیمی ایکٹ کی منظوری، سیاحتی پالیسی کی منظوری، احتساب بیورو کو مزید فعال بنانے اور بد عنوانی کے سدباب کے لیے موثر وٹھوس قوانین بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

بدھ 12 دسمبر 2018 23:19

مظفرآباد ۔12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) آزاد جموں وکشمیر کابینہ نے چیف الیکشن کمشنر ترمیمی ایکٹ اور کوٹلی یونیورسٹی ترمیمی ایکٹ کی منظوری دے دی جبکہ احتساب بیورو کو مزید فعال بنانے اور بد عنوانی کے سدباب کے لیے موثر وٹھوس قوانین بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔کابینہ نے دفتر ی اوقات کار میں بھی تبدیلی کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت آئندہ تین ماہ کے لیے سیکرٹریٹ کی سطح پر پیر تا جمعہ صبح 8 بجے سے لے کر شام 4بجے تک دفتر کھلے رہیں گے۔

دفتری اوقات کار میں تبدیلی وزیر حکومت احمد رضا قاوری کی تحریک پر عمل میں لائی گئی ہے۔ احمد رضا قادری نے کابینہ اجلاس میں دفتری اوقات کار میں تبدیلی کے لیے کابینہ اجلاس میں تحریک پیش کی تھی۔

(جاری ہے)

آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی صدرات میں وزیراعظم سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں سینئر وزیر ،وزراء ،چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز صاحبان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ حکومت کی اڑھائی سالہ کارکردگی اطمینان بخش ہے مسلم لیگ ن کے منشور پر عملدرآمد، عوامی خدمت کی جدوجہد میں بھرپور کردار پر وزراء کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ن لیگ کارکردگی کی بنیا د پر آئندہ انتخابات میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

اب جبکہ کابینہ کے حجم میں اضافہ ہوا ہے اس سے حکومت کی کارکردگی میں مزید بہتری آنی چاہیے۔احتساب کے نظام کو مزید بہتر بنائیں گے تاکہ قصور وار بچ نہ سکے اور بے قصور کی پگڑی نہ اچھالی جاسکے۔ایسانظام لائیں گے کہ پاکستان کے لیے مثال بن سکے۔احتساب بیورو کی درستی اور فعالیت کے لیے قائم کمیٹی ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔اجلاس میں 13ویں آئینی ترمیمی کے ذریعے چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت کے تسلسل میں قانون میں ترمیم کی منظوری بھی دے دی گئی کیونکہ آئین کے تحت چیف الیکشن کمشنر کی مدت ملازمت پانچ سال ہے جبکہ قوانین میں تین سال ہے ۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین شاہ نے نیلم جہلم پراجیکٹ کے ماحولیاتی مضمرات اور ان کے تداراک کے حوالہ سے حکومت آزادکشمیر اور واپڈا کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی۔وزیراعظم آزادکشمیر نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی کہ محکمہ جات کے ذمہ جو کام ہے اسے پہلی فرصت میں نمٹایا جائے اس حوالہ سے تاخیر کے مرتکب ذمہ داران کے خلا ف کاروائی ہوگی۔

اجلاس میں میرپور میں سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کیخلاف ایکشن کے حوالے سے کابینہ کو بریفنگ دی گئی اور اسے سپریم کورٹ کے فیصلہ کی روح کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔احتساب بیورو کے قوانین کو بہتر مربوط اور عصر حاضر سے ہم آہنگ بنانے کے لیے تشکیل کردہ کمیٹی میں سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق اور وزراء راجہ نثار احمد،فاروق احمد طاہر،بیرسٹر افتخار گیلانی شامل ہیں۔

کابینہ نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ ایک ماہ کے اندر اندر اس پر رپورٹ کابینہ کو پیش کی جائے۔نیلم جہلم منصوبہ کے تحت7.69ارب جھیلوں کے لیے چاہیں جبکہ 02ارب روپے موجود ہیں۔اس مقصد کے لیے درالحکومت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس اور گریٹر واٹر سپلائی سکیم کو بہتر بنایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ مظفرآباد کے ماحولیاتی مسائل کے حوالہ سے وزیراعظم پاکستان نے ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اعلیٰ سطحٰی اجلاس بلائے۔

وزیراعظم پاکستان سے میں نے بھی یہی گزارش کی تھی جس کے بعد انہوں نے اعلیٰ سطحی کمیشن بھیجا تھا جس کی رپورٹ انھیںدینی ہے یہ معاملہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس حوالہ سے آزا دحکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔لوگوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ وفاقی حکومت سے فوری رابطے اور طے شدہ امور پر فوری پیش رفت کے لیے سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی،وزیر تعلیم بیرسٹرافتخار گیلانی کو ذمہ داری دی گئی ہے۔اجلاس میں سیاحتی پالیسی پر کابینہ اراکین کو بریفنگ دی گئی اور کابینہ نے سیاحتی پالیسی کی منظوری دے دی۔کابینہ نے کوآپریٹیو بینک کے بقیہ ملازمین کو دیگر محکمہ جات میںایڈجسٹ کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں