پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی بھارتی فوج کے ہاتھوں پلوامہ میں نہتے کشمیریوں پر بہیمانہ تشدد اور قتل عام کی شدید الفاظ مذمت ،

عالمی برادری،انسانی تنظیموں سے نوٹس لینا کا مطالبہ

منگل 18 دسمبر 2018 20:26

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وتحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے پلوامہ میں بے گناہ نہتے کشمیریوں پر بہیمانہ تشدد اور قتل عام کی تحریک انصاف شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے، وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پلوامہ میں بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کا نوٹس لے لیا ہے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سفارتی سطح پر معاملہ اُٹھانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

عالمی برادری،انسانی تنظیموں کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دان گلی کے مقام پر ممبر کشمیر کونسل سردار مختار عباسی کے بھانجے اور ٹھیکیدار شیراز عباسی کے بھائی تجمل عباسی(مرحوم) کی وفات پر تعزیت کے موقع پر وہاں موجود میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ سردار مختار عباسی میرے ذاتی دوست ہیں ان کے ہاں تعزیت کیلئے آیا تھا تاہم مقبوضہ کشمیر میں 15کشمیریوں کی شہادت اور بھارتی فوج کے مظالم اور ظلم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

حکومت پاکستان نے بالخصوص وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزارت خارجہ کو بھارت کے ان مظالم کو سفارتی سطح پر اُٹھانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ دنیا بھارت کے اس جبروظلم کوبے نقاب کرنے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ ظلم کی بھی کوئی حد ہوتی ہے،بھارت ظلم کی تمام حدیں پار کر چکا ہے۔

عالمی برادری کو اس معاملے پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کرنے کے بجائے اس کا نوٹس لینا چاہئے،ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد کشمیر حکومت کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں کرپشن کا دور دورہ ہے اور اس کا کڑا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں