مظفرآباد کے شہریوں کے مسائل حکومت آزادکشمیر کے مسائل ہیں، حل کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کیا جائیگا،سردار مسعود خان

ماحولیاتی اور سماجی مسائل کو حل کرنا بھی آزاد کشمیر اور پاکستان کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پور ا کرنے کی بھرپور کوشش کی جار ہی ہے،صدر آزاد کشمیر

بدھ 16 جنوری 2019 18:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مظفرآباد کے شہریوں کے مسائل حکومت آزادکشمیر کے مسائل ہیں۔ جن کو حل کرنے میں کوئی دقیقہ فرو گذاشت نہیں کیا جائے گا ۔ نیلم جہلم منصوبہ اور کوہالہ پن بجلی منصوبہ کے حوالے سے عوامی جذبات سے آگاہ ہیں اس سلسلے میں وزیراعظم راجہ فاروق حیدرخان اور میں خود حکومت پاکستان اور وفاقی حکومت کے ذمہ دار اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

دونوں منصوبے قومی اہمیت کے حامل ہیں جن کی مظفرآباد اور آزاد کشمیر کے عوام کے لیے بے پناہ افادیت ہے لیکن ان منصوبوں سے جڑے ماحولیاتی اور سماجی مسائل کو حل کرنا بھی آزاد کشمیر اور پاکستان کی ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری کو پور ا کرنے کی بھرپور کوشش کی جار ہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ایوان صدر مظفرآباد میں تاجر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالرزاق خان کی قیادت میں ملنے والے سول سو سائٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفد میں میر امتیاز احمد، بشارت خان ، اشفاق خان ترین ، خواجہ فاروق قادری، سمعیہ ساجد راجہ ، تنویر قریشی، الطاف مغل ، ملک وحید، عارف لون، شفیق قریشی اور پرویز اقبال زرگر شامل تھے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ نیلم جہلم منصوبہ کے حوالے سے طے شدہ امور کی تکمیل کی جائے ،سیوریج اور ڈسپوزل سسٹم کو موثر بنایا جائے اور دریا میں کم سے کم 20 کیو مک تک پانی کو برقرار رکھا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جھیلو ں کی تعمیر کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ علاوہ ازیں حکومت اس بات پر بھی غور کر رہی ہے کہ مظفرآباد کے قریب و جوار سے بہنے والے دریاوں کے آس پاس ماحول کو بہتر بنانے کے حوالے سے ایک اسٹڈی کرائی جائے جس کی سفارشات کی روشنی میں مذید اقدامات کیے جائیں۔ صدر سردار مسعود خان سے ملنے والے سول سو سائٹی کے وفد نے اس بات سے اتفاق کیا کہ کوہالہ ، نیلم جہلم اور دیگر توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبے اہل آزاد کشمیر اور پاکستان کا مشترکہ اثاثہ اور آنے والی نسلوں کی بہتری کے لیے ہیں ۔

ان منصوبوں کی اہمیت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ایسے اقدامات کرنا چاہیے جن کے باعث مظفرآباد اور آزاد کشمیر کے عوام کو ان منصوبوںسے زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو اور ماحولیاتی مسائل کا بھی بر وقت تدارک کیا جائے ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کے نیلم جہلم اور کوہالہ منصوبوں کے حوالہ سے بر وقت اقدامات سے کئی مسائل حل ہوئے ہیں اور مذید مسائل حل کرنے کے لیے کوششیں تیز تر کر دی گئی ہیں ۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ انہیں اہل مظفرآباد کے مطالبات سے اتفاق ہے اور ہم اپنے تمام بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ان منصوبوں کو بھی بچایاجائے گا ، عوام کے ذہنی تحفظات بھی دور کئے جائیں گے اور ماحولیاتی اور سماجی مسائل کا تدارک بھی کیا جائے گا ۔ اس سے قبل صدر آزاد کشمیر سے گفتگو کرتے ہوئے سول سوسائٹی وفد کے سربراہ عبدالرزاق خان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وفاقی حکومت کوہالہ پن بجلی منصوبے پر کام شروع کرنے سے پہلے نیلم جہلم منصوبے سمیت کوہالہ منصوبہ پر حکومت آزاد کشمیر کے ساتھ با قاعدہ تحریری معاہدہ کرے جس طرح پنجاب ، سندھ اور کے پی میںکسی منصوبے پر کام شروع کرنے سے پہلے وہاں کی صوبائی حکومت کے ساتھ با قاعدہ معاہدہ کیا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمار ی یہ بھی تجویز ہے کہ دریا کا رخ موڑے بغیر دریا کے بہائو پر پن بجلی منصوبہ لگایا جائے تاکہ منصوبے کے علاقے میں مقامی آبادی بلا واسطہ یا بالواسطہ متاثر نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم کی تعمیر سے متاثرہونے والے علاقوں بالخصوص انسانوں ،چرند پرند ، جانوروں ، جنگلات اور چشموں کو منفی اثرات سے محفوظ ہونا چاہیے اور اس کا اہتمام بنیادی ڈیزائن میں کرنا چاہیے ۔

عبدالرزاق خان نے یہ بھی کہا کہ اگر نیلم جہلم پراجیکٹ کے ڈیزائن اور تکمیل کے وقت ان امو ر پر توجہ دی ہوتی تو شا ئد کوہالہ پراجیکٹ مسائل کا شکار نہ ہوتا ۔ تاجر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے رہنما میر امتیاز ، خواجہ فاروق قادری ، بشارت مغل ، سمعیہ ساجد اور دیگر نے اس موقع پر کہا کہ ہم پاکستان کی ریاست اور اداروں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں اور صرف اپنے حقوق کی بات کرتے ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں