راولاکوٹ میں تمام دیرینہ مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا،سر دار مسعود خان

شہر کو صاف ستھر ا اور آلودگی سے پا ک بنا کر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے میونسپل کارپوریشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کی استعداد کارکوبڑ ھانے اور ان اداروں کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل حل کرنے پر بھرپور توجہ دی جائے گی،صدر آزاد کشمیر

جمعہ 18 جنوری 2019 18:09

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) صدر آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت تمام دیرینہ مسائل کے حل کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا ۔ شہر کو صاف ستھر ا اور آلودگی سے پا ک بنا کر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے میونسپل کارپوریشن سمیت تمام متعلقہ اداروں کی استعداد کارکوبڑ ھانے اور ان اداروں کو درپیش مالی اور انتظامی مسائل حل کرنے پر بھرپور توجہ دی جائے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میونسپل راولاکوٹ کے ایڈمنسٹریٹر سردار ذاکر شیر افضل خان اور مسلم لیگ (ن) راولاکوٹ کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ صادق پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ جنہوں نے ایوان صدر مظفرآباد میں اُن سے ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ راولاکوٹ میںپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے چار سوملین لاگت سے ایک بڑے منصوبے پر جلد کام شروع کر دیا جائے گا جبکہ شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک رکھنے کے لیے میونسپل کارپوریشن کو مذید افرادی قوت کی فراہمی سمیت کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے جیسے مسائل کو بھی ترجیح بنیاد پر حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

قبل ازیں صدر ریاست سے بات چیت کرتے ہوئے وفد نے بتایا کہ گریٹر واٹر سپلائی سکیم راولاکوٹ کی منظوری کے باوجود ابھی تک منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز نہیں ہو سکا جس کے لیے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی جائے تاکہ راولاکوٹ کے شہریوں کا یہ دیر ینہ مطالبہ پور ا کیا جا سکے اور پانی کے حوالے سے شہریوں کے مسائل میں کمی لائی جا سکے۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن نے راولاکوٹ میںکوڑا کرکٹ کو اٹھانے کے لیے گاڑیوں کی فراہمی اور آتشز دگی کی صورت میںکسی بھی مہنگائی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر ٹینکرز کی خریداری کے لیے فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔

وفد نے راولاکوٹ میونسپل کارپوریشن میں سینٹری ورکرز اور دوسرے انتظامی عملہ کی کمی کو پورا کرنے ، پینے کے پانی کو صاف کرنے کے لیے فلٹریشن پلانٹ ، شہر کے مختلف پوائنٹس پر ڈسٹ بینز اور سولر سسٹم کے ذریعے اسٹریٹ لائٹس کی فراہمی کے علاوہ غازمی ملت شاہراہ پر افسر مارکیٹ کے قریب برساتی نالے پر بند کی تعمیر کے معاملات بھی اُٹھائے ۔ صدر آزاد کشمیر نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے راولاکوٹ سمیت تمام علاقوں کے مسائل کو ترجیح بنیاد وں پر حل کرنے کی کوشش کرے گی اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے گی ۔

صدر سردار مسعود خان نے مذید کہا کہ آنے والے سالوں میں راولاکوٹ ایک اہم سیاحتی مرکز بن جائے گا جس کے لیے ابھی سے منصوبہ بندی ہونی چاہیے تاکہ شہر میں آنے والے سیاحوں کو نہ صرف بہترین سہولتیں ملیں بلکہ علاقے کے عوام کو بھی بھرپور معاشی فوائد حاصل ہوں۔ صدر آزاد کشمیر نے بلدیہ راولاکوٹ کی طرف سے یکم فروری سے صفائی مہم شروع کرنے اور شہر کی تجاوزات سے پاک کرنے کیلیے فیصلے کو سراہاتے ہوئے شہریان راولاکوٹ ، طلبہ ، اساتذہ اور تاجران سے کہا کہ وہ مہم کے دوران بلدیہ کے ذمہ داروں کے ساتھ بھرپور تعاون کر کے اپنے شہر کو خوبصورت اور صاف ستھرا بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

دریں اثناء صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے آزاد جموں و کشمیر کے محتسب کے فیصلہ جات کے خلاف دائر مختلف اپیلوں کی سماعتیں بھی کیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں