عالمی سطح پر دہشت گردی کی کارروائیوں کے خاتمے میں عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی

ظُلم برداشت نہیں کیا جاسکتا، عالمی طاقتیں فلسطین اور کشیر کے عوام کو آزادی کا حق دلانے میں کردار ادا کریں، بھارت اور اسرائیل کی حوصلہ افزائی کی جاتی رہی تو امن خواب بن کر رہ جائے گا،شاہ غلام قادر

پیر 18 مارچ 2019 16:58

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر دہشت گردی کی کارروائیوں کے خاتمے میں عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 8لاکھ افواج جھونک کر وادی کے نہتے عوام کو انتہائی مظالم کا نشانہ بنا رہا ہے، اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کر چُکا ہے ۔

کیا وجہ ہے کہ عالمی طاقتیں بالکل خاموش دکھائی دیتی ہیں کیونکہ یہاں مسلمان بستے ہیں، اُن پر مظالم اُنہیں نظر نہیں آتے ۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ نیوزی لینڈ ایک پُرامن خطہ تھا لیکن وہاں بھی تعصب کی عینک پہن کر بے گناہ معصوموں کو مساجد میں گولیوں کا نشانہ بنا دیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ظُلم برداشت نہیں کیا جاسکتا، عالمی طاقتیں فلسطین اور کشیر کے عوام کو آزادی کا حق دلانے میں کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

بھارت اور اسرائیل کی حوصلہ افزائی کی جاتی رہی تو امن خواب بن کر رہ جائے گا۔ سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر و ڈپٹی سپیکر اسمبلی سردار عامر الطاف خان نے نیوزی لینڈ میں جام شہادت نوش کرنے والے مسلمانوں کے بلندیء درجات اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کی دُعا کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گرد عناصر کو سخت سے سخت سزا دینے میں اپنا کردار ادا کرے اور مسلمانوں سمیت اُن کی مساجد کی حفاظت کا بندوبست کریں۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ عالمی طاقتوں پر زیادہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے ادارہ کو فعال کرکے بہتری لائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ جب تک ظُلم و جبر کا راج رہے گا امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کے لیئے اقوام متحدہ کا ادارہ کس چیز کا انتظار کر رہا ہے، یہ عالمی ادارہ اگر عالمی طاقتوں کی لونڈی کا کردار ادا کرے گا تو دُنیا بدامنی کی لپیٹ میں آ جائے گی۔ سپیکر و ڈپٹی سپیکر اسمبلی نے نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں