آزاد کشمیر کے دیرینہ ریاستی امور کو یکسو کرانے کیلئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے ہیں،وزیر تعلیم،وزیر شہری دفاع آزاد کشمیر

جمعہ 22 مارچ 2019 16:06

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) وزیر تعلیم کالجز وقار احمد نور اور وزیر شہری دفاع احمد رضا قاردری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے اندر لیگی حکومت وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں ریاستی تشخص اور وقار میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔ آزاد کشمیر کے دیرینہ ریاستی امور کو یکسو کرانے کے لیے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے ہیں۔

وفاق کی طرف سے آزاد کشمیر کے لیے واٹر یوزز چارجز میں اضافہ کرانا فاروق حیدر کا تاریخی کارنامہ ہے۔ وفاق نے آزاد کشمیر کے لیے واٹر یوزز چارجز 15پیسے فی یونٹ سے بڑھا کر 1روپے 10پیسے کر دئے ہیں۔ جو کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے برابر ہیںجس سے آزاد کشمیر کو سالانہ اربوں روپے کی آمدن ہو گی۔

(جاری ہے)

لیگی کارکنان اور میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ واٹریوز چارجز میں اضافہ آزاد کشمیر کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے پورا کر دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ ن نے واٹر یوز چارجز میں اضافے کا اہم ترین ایشو اپنے انتخابی منشور میں شامل کر رکھا تھا ۔ رب کریم کی نصرت و حمایت سے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے یہ تاریخی مطالبہ پورا کرانے میں کامیاب رہے ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے جاندار موقف کو وفاقی سطح پر پذیرائی دی گئی اور آزاد کشمیر کے دیرینہ ایشوز کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گئے۔

کشمیر کونسل کا خاتمہ ، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور آزاد حکومت کے اختیارات میں اضافہ، بارہویں آئینی ترمیم ، تیرہویں آئینی ترمیم ، وفاقی محصولات میں آزاد کشمیر کے حصے میں اضافہ، وفاقی بجٹ کے تحت آزاد کشمیر کے ترقیاتی میگا پراجیکٹس کی شمولیت، آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ میں دوگنا اضافہ، میرٹ کی بحالی سمیت دیگر وعدے پورے کیے گئے ہیں۔ اور اب واٹر یوز چارجز میں اضافے کا وعدہ بھی پورا کر دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے پختہ عزم کر رکھا ہے کہ لیگی ھکومت راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں اپنی آئینی مدت کے دوران آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی ، عوامی خوشحالی اور ریاستی تشخص و وقار میں اضافے کے لیے اپنا جاندار کردار جاری رکھے گی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں