جموں وکشمیر کے عوام تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں ،سردار مسعود خان

آزادکشمیر کے عوام تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،وہ وقت دور نہیں جب اسلام آباد اور مظفرآباد کی طرح سرینگر اور جموں میں بھی یوم پاکستان منایا جائیگا،صدر آزاد کشمیر کا یوم پاکستان کے موقع پر پیغام

جمعہ 22 مارچ 2019 17:36

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ جموں وکشمیر کے عوام تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب اسلام آباد اور مظفرآباد کی طرح سرینگر اور جموں میں بھی یوم پاکستان منایا جائے گا۔ 23مارچ 1940کے دن کو برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ یہ وہ تاریخی دن ہے جب جنوبی ایشیا کے مسلمانوں نے اپنے لئے علیحدہ ریاست بنانے کا ایک خواب دیکھا تھا جو 1947میں قیام پاکستان کی صورت میں ایک حقیقت میں تبدیل ہوا اور مسلمانوں کی پہلی نظریاتی ریاست پاکستان کی شکل میں دنیا کے نقشے پر ابھری۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 71سال کے دوران تمام تر خطرات اور مشکلات کے باوجود الحمد اللہ مملکت خداداد پاکستان نہ صرف قائم ودائم بلکہ آئندہ آنے والے سالوں میں معاشی اور سٹرٹیجک اعتبار سے امن و سلامتی کے علمبردار کی حیثیت سے ایک اہم مقام حاصل کرنے جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان اور آزادکشمیر کی سلامتی اور خودمختاری پر بھارت نے جارحانہ حملہ کر کے ایک ناپاک سازش کی جس کو ملک کی بہادر افواج نے ناکام کر کے دنیا پر یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان نہ صرف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے بلکہ امن و سلامتی کا داعی بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف جارحیت کی ناکامی نے یہ بھی ثابت کر دیا کہ خطے میں مذہبی جنونیت ، انتہا پسندی اور ریاستی دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے اپنی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے اتھائے گئے موثر اقدامات نے بھارت کی سامراجی زہنیت رکھنے والی قوتوں کو بھی یہ واضح اور دو ٹوک پیغام دے دیا کہ پاکستان کسی کو خطے کا تھانیدار بننے کی اجازت نہیں دے گا۔

صدر آزادکشمیر نے کہا کہ 23مارچ1940کی قرارداد پاکستان کے ساتھ خطہ جموں وکشمیر کے عوام کا ایک اور تاریخی اور جزباتی تعلق ہے 1940میں قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں آل انڈیا مسلم لیگ کے جس اجلاس میں قرار داد پاکستان منظور ہوئی اس میں جس کشمیری وفد نے شرکت کی تھی اس کی سربراہی مولانا غلام حیدر جنڈالوی نے کی تھی اور قائد اعظم کے حکم پر انہوں نے مسلم لیگ کے تاریخی اجلاس سے خطاب بھی کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اہل جموں وکشمیر نے قیام پاکستان سے ایک ماہ قبل 19جولائی1947کو متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا تھا کہ پوری ریاست جموں وکشمیر پاکستان کا حصہ بنے گی اور کشمیر کے عوام اس مشن کو مکمل کرنے کے لئے آج بھی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اور آزادجموں وکشمیر آزاد ہیں لیکن بھارت ریاست بربریت سے اہل جموں وکشمیر کے عوام کا حق خودارادیت کچل رہا ہے۔

صدر نے کہا کہ بھارت کے تمام تر صنعتی ہتھکنڈوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر یہ قسم کھا رکھی ہے کہ وہ آزادی و حق خودارادیت لے کر رہیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اپنی امنگوں کے مطابق اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو آج کے دن مل جل کر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے کوششیں تیز تر کریں گے تاکہ وہاں کے عوام بھی آزادی کی فضا میں یوم پاکستان منائیں اور صدر آزادکشمیر نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی حریت کانفرنس اور تحریک مزاحمت کے قائدین کو ان کے عزم و استقلال پر مبارکباد دیتے ہوئے یقین دلایا کہ آزادکشمیر کے عوام تحریک آزادی کشمیر کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں