زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہم نے آنے والی نسلوں کے لیے سرسبز و شاداب ملک بنانا ہے،ملک امین اسلم

مل کر کلین اینڈ گرین آزادکشمیر بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہیں ، مشیر وزیر اعظم آزادکشمیر کے لیے آنے والے پانچ سال کے لیے 20ارب روپے کا منصوبہ ہے جس کے تحت 80کروڑ درخت لگائے جائیں گے، تقریب سے خطاب

پیر 25 مارچ 2019 17:34

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) مشیر وزیر اعظم پاکستان برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ہم نے آنے والی نسلوں کے لیے سرسبز و شاداب ملک بنانا ہے۔ پاکستان کی بقاء صرف اور صرف شجر کاری میں ہے۔ ہم نے مل کر کلین اینڈ گرین آزادکشمیر بنانے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے ہیں تاکہ یہ خطہ سرسبز اور خوبصورت ہو سکے۔

شجر کاری صدقہ جاریہ ہے۔ شجر کاری کے ساتھ ہمار ا مستقبل وابستہ ہے۔ آزادکشمیر کے لیے آنے والے پانچ سال کے لیے 20ارب روپے کا منصوبہ ہے جس کے تحت 80کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے تحت 10ارب درخت لگانے کا منصوبہ ہے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے پیر کے روز آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں’’ پلانٹ فار آزادجموں وکشمیر ڈے ‘‘ کے حوالہ سے پودا لگانے کے بعد منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے آزادکشمیر کے وزیر جنگلات سردا ر میر اکبر خان ، ناظم اعلیٰ جنگلات ڈاکٹر راجہ اورنگ زیب خان،ناظم جنگلات غلام مجتبیٰ مغل،سردار عبدالشکور صدیقی او ر دیگر مقررین نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر محکمہ جنگلات کے آفیسران اور سکول کے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ آزادکشمیر کا خطہ بہت زرخیز ہے ۔

خیبر پختونخواہ میں بلین ٹری منصوبہ بھی ایک خواب تھا جو پورا ہو۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کا مستقبل ان درختوں سے وابستہ ہے۔ ہم نے کلین اینڈ گرین پاکستان بنانے کے لیے شجر کاری مہم میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ساتھ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کا واحد طریقہ شجر کاری ہے۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ ہندوستان نے جارحیت کر کے ہمارے 19درخت گرائے۔

میں نے اقوام متحدہ میں درختوں کو گرانے کا مقدمہ دائر کرایا ہے جو اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیر جنگلات نے کہا کہ جنگلات پاکستان کی صنعتی ،زرعی ، معاشی اور توانائی کی مسلسل فراہمی اور پائیدار ترقی کے ضامن ہین۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری سے آزادکشمیر کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت خطہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ شجر کاری اور شجر پروری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آزادکشمیر شجر کاری کے لیے موضو ع ترین خطہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان جنگلات پر خصو صی توجہ دے رہے ہیں۔ اس پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان بھی جنگلات پر خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور شجرکاری کے لیے عملی طور پر اقداما ت کر رہے ہیں ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں