اقبالؒنے اپنے کلام کے ذریعے باہمی ربط ، یگانگت اور ہم آہنگی کومسلم امہ میں اجاگرکرنیکی کوشش کی،راجہ مشتاق منہاس

مصور پاکستان کی شاعری میں مسلما نوں کیلئے کی ہوئی رہنمائی پر عمل درآمد کرتے ہوئے مملکت پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کیلئے اپنا اجتماعی کردار اداء کرنا ہوگا،وزیراطلاعات کا پیغام

ہفتہ 20 اپریل 2019 16:58

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مصور پاکستان نے اپنے کلام کے ذریعہ جس چیز کو سب سے زیادہ مسلم امہ میں اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے وہ باہمی ربط ، یگانگت اور ہم آہنگی ہے کہ اس کے بغیر کوئی بھی قوم اپنی منزل مقصود کو نہیں پا سکتی ۔حضرت علامہ اقبالؒ کی برسی کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن مجھے حد متارکہ جنگ کے دونوں طرف کشمیری عوام سے یہ اپیل کرنی ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کو زیادہ مستحکم کرتے ہوئے اپنے قومی مقاصد کے حصول کیلئے زور دار جد وجہد جار ی رکھیں۔

حالات بتاتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق قریب ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام کی گوہر مقصود حاصل کرنے کی کوششوں کی کامیابی سے سب سے زیادہ مسرت و طمانیت مصور پاکستان حضرت علامہ ڈاکٹر محمد اقبالؒ اور بانی پاکستان حضرت قائد اعظم ہی کو نصیب ہو گی ۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپنا عظیم ملی نصب العین حاصل کرنے کیلئے ہمیں ہر سطح پر یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور حضرت علامہ اقبالؒ نے اپنی شاعری میں مسلما نوں کی جو رہنمائی کی ہے اس پر عمل درآمد کرتے ہوئے مملکت پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا اجتماعی کردار اداء کرنا ہوگا۔

آج پاکستان جن خطرات میںگھرا ہوا ہے اس مشکل کے وقت میں پوری قوم کو متحد ہو کر پاکستان کی سلامتی کے لیے کام کرنا ہوگا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں