مظفرآباد سپر لیگ سیزن ٹوکا فائنل میچ،سہیلی سٹرائیکرز نے کمشنر الیون کو شکست دے کر میدان مار لیا

پیر 22 اپریل 2019 17:44

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) مظفرآباد سپر لیگ سیزن ٹوکا فائنل میچ،سہیلی سٹرائیکرز نے کمشنر الیون کو شکست دے کر میدان مار لیا۔فائنل میچ کی پر وقار تقریب کے مہمان خصوصی وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی نے رنر اپ اور ونر اپ ٹیموں کے کپتانوں میں ٹرافیاں ،ایوارڈ اور شیلڈز تقسیم کرنے کے علاوہ جیتنے والی ٹیم کے لیے 20ہزار روپے کا اعلان کیا۔

ٹورنامنٹ آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے جیتنے والی ٹیم کو 1لاکھ روپے اور ہارنے والی ٹیم کو 50ہزار روپے نقد انعام دیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق مظفرآبادسپر لیگ سیزن ٹو کے فائنل میچ میں سہیلی سٹرائیکرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 181رنز سکور کئے اور دوسری ٹیم کو جیتنے کے لیے 182رنز کا ہدف دیا۔

(جاری ہے)

سہیلی سٹرائیکرز کی جانب سے محمد ریاض 72رنز بنا کر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔

کمشنر الیون کی جانب سے میں تنویر مغل نے 4اوورز میں 36رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔کمشنر الیون 181رنز کے تعاقب میں مقررہ 20اوورز میں 161رنز ہی بنا سکی۔محمد ریاض نے 4کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔محمد عمیر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین قرار پائے جبکہ محمد ریاض مین آف دی میچ کے ساتھ ساتھ مین آف دی ٹورنامنٹ بھی قرار پائے۔میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی کے علاوہ نیشنل بینک کے وائس پریزیڈنٹ ناہید مغل،کمشنر مظفرآباد چوہدری امتیاز نے بھی شرکت کی۔

این بی پی کے وائس پریزیڈنٹ ناہید مغل اور دیگر نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں ،میڈلز،شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔تقریب سے بیرسٹر افتخار گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظفرآباد سپر لیگ سیزن ٹو کے انعقاد پر تنویر مغل کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔جس معاشرے میں میدان آباد ہوں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔اس موقع پر کمشنر مظفرآباد امتیاز چوہدری اور ناہید مغل نے کہا کہ سپر لیگ سیزن ٹو کی آرگنائزنگ کمیٹی شاندار مقابلے کروانے پر مبارک باد کے مستحق ہیں۔کھیلوں کے فروغ کے لیے ہمارا تعاون جاری رہے گا۔بیرسٹر افتخار گیلانی،ٹورنامنٹ کمیٹی اور عوام نے کے۔این۔این کا ٹورنامنٹ کی لائیو کوریج پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں