میر واعظ کشمیر مولانا محمد یوسف کا تحریک آزاد ی کشمیر میں کردار نا قابل فراموش ہے ، سردارمحمد مسعودخان

منگل 21 مئی 2019 16:50

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردارمحمد مسعودخان نے کہا ہے کہ میر واعظ کشمیر مولانا محمد یوسف کا تحریک آزاد ی کشمیر میں کردار نا قابل فراموش ہے میر واعظ( مرحوم) ہم سے صرف یہ حسرت لے کر جدا ہوئے کہ ساری ریاست اغیار کے پنجہ غلامی سے آزادی ہو کر پاکستان کا حصہ بن جائے ۔ آئیے ہم سچے دل سے تجدید عہد کریں کہ اس عظم مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا قومی کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

خدا ہمیں اپنے اس مشن کی تکمیل کی ہمت دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر واعظ کشمیر مولانا محمد یوسف شاہ کی برسی کے موقع پراپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ کشمیر ایک عظیم دینی اور سیاسی شخصیت تھے ۔ جموں و کشمیر کی تاریخ کے ایک نازک دور میں انہوں نے جس تدبر اور ثابت قدمی سے ریاست کے مسلمانوں کی راہنمائی کی وہ تاریخ میں زندہ رہے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر اورخاص کر سرینگر میں میر واعظ کشمیر کا خاندان ایک مدت سے فروغ اسلام کا مرکز رہا ہے ۔ اس خاندان نے دین اشاعت کے ساتھ ساتھ مسلمانوں کی فکری اور سیاسی راہنمائی بھی کی ۔ اس مرکز سے وادی کشمیر میں تحریک آزادی اور الحاق پاکستان کو بنیاد حاصل ہوئی جس نے آگے چل کر ایک عظیم انقلاب کی صورت اختیار کر لی ۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں