آزاد کشمیر کے اخبارات نے تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی کو اجاگر کرنے کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے،مطہر نیاز رانا

حکومت کو اخباری صنعت کی مشکلات کا ادراک ہے جن کے حل کے لیے اشتہارات پالیسی کو ریوائزکیا جارہاہے ،چیف سیکرٹری

بدھ 22 مئی 2019 21:52

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) آزادکشمیر میں اخباری صنعت کی ترقی ، اشتہارات پالیسی کے ازسرنو جائزہ،ریاستی و قومی اخبارات کی آمدن میں اضافے ،اشتہارات کے بلات کی بروقت ادائیگی اور صحافیوں کی فلاح وبہبود کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس بدھ کے روز چیف سیکرٹری آزادجموں وکشمیر مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر ، سیکرٹری مالیات فریداحمد تارڑ ،سیکرٹری اطلاعات ،سیاحت وآئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد ،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال ،پرنسپل سٹاف آفیسر چوہدر ی مختار احمد نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اخبارات نے تحریک آزادی کشمیر اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور آزاد خطہ کی تعمیر و ترقی کو اجاگر کرنے کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت کو اخباری صنعت کی مشکلات کا ادراک ہے جن کے حل کے لیے اشتہارات پالیسی کو ریوائزکیا جارہاہے ۔انہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ وہ نئی ایڈورٹائزنگ پالیسی مرتب کر کے حکومت کو منظور ی کیلئے پیش کرے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نارمل میزانیہ میں دیگر صوبوں کی نسبت آزادکشمیر میں اشتہارات کا بجٹ بہت کم ہے اس تفاوت کو کم کیا جائے ۔

انہوں نے محکمہ مالیات کو ہدایت کی کہ آئندہ مالی سال میں نارمل بجٹ میں خاطر خواہ اضافے کے ساتھ ساتھ گزشتہ بقایا جات کی ادائیگی کے لیے موجودہ مالی سال میں اضافی فنڈز فراہم کیے جائیں تاکہ اخبارات کو اشتہارات کے بلات کی ادائیگیاں بر وقت ممکن بنائی جا سکیں ۔انہوںنے ترقیاتی منصوبہ جات کے اشتہارات کے بقایات کی ادائیگی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے تمام سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے بقایا جات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر اپنے محکموں سے پراگرس لیں۔

انہوں نے کہاکہ ترقیاتی منصوبہ جات کی موثر تشہیر کیلئے فنڈز مختص کیے جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ صحافیوں کی فلاح و بہبود، علاج معالجے اور دیگر معاملات کیلئے بھی فوری اقدامات کیے جارہے ہیںتاکہ وہ بہتر انداز میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں