وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدار ت محکمہ برقیات کا اجلاس، ادارے کی کارکردگی بارے بریفنگ دی گئی

جمعہ 24 مئی 2019 17:42

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدار ت محکمہ برقیات کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وزیراعظم کو ادارے کی کارکردگی بارے بریفنگ دی گئی ۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ محکمہ برقیات نے تین سالوں میں ٹرانسمیشن لائنز کی اپ گریڈیشن کی ۔ انفراسٹرکچرکی بہتری کیلئے شاندار اقدامات اٹھائے گئے ۔

ریاست بھر میں 2178نئے ٹرانسفارمر نصب کیے گئے ۔بجلی کے لائن لاسز میں 3.5فیصد کمی لائی گئی۔22نئے فیڈر قائم کیے گئے ۔ دور دراز علاقوں کو جہاں بجلی کی سہولت موجود نہ تھی بجلی فراہم کی گئی،تین سال قبل ریاست کی 90فیصد آبادی کو بجلی کی سہولت میسر تھی جو کہ اب 95فیصد آبادی کو میسر ہے اور اگلے دوسالوں میں مکمل سو فیصد آبادی کو فراہمی کا ٹارگٹ ہے ۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران 40ہزار نئے کنکشنز دئیے گئے ۔ آزادکشمیر میں بجلی آنے کے بعد پہلی دفعہ موجودہ حکومت کے دور میںٹرانسمیشن لائنز کی اپ گریڈیشن،انفراسٹرکچرکی بہتری اور نئی ٹرانسمیشن لائنز کی تنصیب کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سما ہنی ،سہنسہ ،حویلی،چھتر کلاس اور اٹھمقام کے لیے نئے گرڈ سٹیشنز کی منظوری ہو چکی ہے جلد کام شروع کر دیا جائے گا چھتر کلاس اور اٹھمقام گرڈ سٹیشنز کے لیے فنڈز نیلم جہلم پراجیکٹ کی طرف سے مہیا کیے جا رہے ہیں،لائن لاسز کو کنٹرول کرکے ریونیو بڑھایا جائے گا۔

طویل عرصہ بعد آزادکشمیر کے اندر ٹرانسمیشن لائنز کی مرمت اور اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ کو الیکٹرک سپلائی کمپنی میں تبدیل کرنا ہے یا نہیں اس حوالے سے فزیبلٹی سٹڈی جاری ہے۔اجلاس میں وزیر برقیات راجہ نثار احمد خان ،چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا ،سیکرٹری برائے وزیراعظم راجہ امجد پرویز ،سیکرٹری برقیات ظفر محمود،چیف انجینئر برقیات اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ برقیات ریونیو دینے والا سب سے بڑا ادارہ ہے اسے فعال اور منظم بنایا جائیگا۔ ریونیو میں مزید اضافے اور خسارہ و نقصانات کم کرنے کے لیے تمام تر وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے محکمہ برقیات کو ہدایت کی کہ لائن لاسز کو کم کرنے اور بجلی کی چوری کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں، لائن لاسز سے خزانہ سرکار کو بھاری نقصان ہو رہا ہے، بجلی چوری روکنے کے لیے قانون نافذ کیا گیا ہے جس پر عمل درآمد ہونا چاہیے اور بجلی چوری میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزاء کے عمل سے گزارا جائے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ آزادکشمیر کے بعض علاقوں میں وولٹیج کا مسئلہ ہے اسے ہنگامی بنیادوں پر یکسو کیا جائے۔ عوام کو بجلی کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں یہ امر حوصلہ افزاء ہے کہ آزادکشمیر کے 95فیصد عوام کو بجلی کی سہولت میسر ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ماہ مقدس میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں