وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے پبلک سروس ، لوڈر گاڑیوں ، روٹ پرمٹ، لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹ کی کمپیوٹرائزیشن کا افتتاح کر دیا

بدھ 19 جون 2019 18:43

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2019ء) وزیر ٹرانسپورٹ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر ناصر حسین ڈار نے آزاد کشمیر ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ریاست بھر میں پبلک سروس ، لوڈر گاڑیوں ، روٹ پرمٹ، لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹ کی کمپیوٹرائزیشن کا افتتاح کر دیا۔ جس کے تحت اجرائیگی ، تجدیدپرمٹ ، موٹر وہیکل فٹنس سرٹیفکیٹ ، موٹر وہیکل باڈی بلڈنگ ورکشاپ ، لائسنسز، گڈ ز فاروڈنگ ایجنسی لائسنسز، اجرائیگی/ تجدید بس سٹینڈ لائسنسز اور ٹرانسپورٹران سے متعلق مقدمات کمپیوٹرائزڈ کیے جائیں گے ۔

اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی ، سیکرٹری اطلاعات، سیاحت وآئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد ، ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ راجہ اظہر اقبال ، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد رفیق ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر لیاقت علی ، کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری امتیاز،ڈپٹی کمشنر بدرمنیر اور ایس ایس پی راجہ اکمل خان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ کمپیوٹرائز ڈ روٹ پرمٹ ، لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجراء سے عوام اور ٹرانسپورٹرز کے لئے مزید آسانیاں پیدا ہوں گی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو مزید فعال بنائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ آسانیان میسر آ سکیں ۔

کمپیوٹرائزڈ لائسنس ، روٹ پرمٹ کے اجراء سے بڑی تبدیلی آئے گی اور ٹرانسپورٹ کے مسائل میں بھی کمی آئے گی۔ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوام کو ٹرانسپورٹ کی مزید سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی چوہدری محمد بشیر نے کہا کہ آزاد کشمیر ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مرکزی اور تمام ریجنل دفاتر کو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت منسلک کر دیا ہے ۔جس کے تحت جملہ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرتے ہوئے ڈیٹا بیس کو محفوظ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے تحت آزاد کشمیر بھر کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں