وادی نیلم ، طوفانی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، 23 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ

جاں بحق ہونے والوں میں تبلیغی جماعت کے 10 ارکان بھی شامل ، چار کا تعلق لاہور، 5 کا فیصل آباد اور ایک کا شیخوپورہ سے ہے ٍ سیلا بی ریلے کی لپیٹ میں آکر 2 مساجد اور ڈیڑھ درجن سے زائد مکانات بھی بہہ گئے

پیر 15 جولائی 2019 21:38

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2019ء) وادی نیلم میں لیسوا کے مقام پر طوفانی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 23 افراد جاں بحق اور درجنوں لاپتہ ہوگئے،جاں بحق ہونے والوں میں تبلیغی جماعت کے 10 ارکان شامل ہیں، چار افراد کا تعلق لاہور، 5 کا فیصل آباد اور ایک کا شیخوپورہ سے ہے۔ تفصیلا ت کے مطابق آزاد کشمیر کے علاقے لیسوا میں کلاؤڈ برسٹ ہوگیا جس کے نتیجے میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلے سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، علاقے میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا اور موبائل و انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئیں۔

سیلابی ریلے کی لپیٹ میں آکر 2 مساجد اور ڈیڑھ درجن سے زائد مکانات بہہ گئے اور 23 افراد جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں سیلابی ریلے میں بہہ کر دریائے نیلم میں چلی گئیں۔

(جاری ہے)

لینڈ سلائیڈنگ سے لیسوا بازار مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔مقامی انتظامیہ اور اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم ای) کے ڈائریکٹر آپریشن سعید الرحمن قریشی نے تصدیق کی ہے کہ سیلابی ریلے میں 23 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت درجنوں لاپتہ ہوگئے جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں تبلیغی جماعت کے 10 ارکان شامل ہیں۔ چار افراد کا تعلق لاہور، 5 کا فیصل آباد اور ایک کا شیخوپورہ سے ہے۔سعید الرحمن قریشی نے مزید کہا کہ کئی گھروں پر آسمانی بجلی گری اور کلاؤڈ برسٹ ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نیلم، ایس ڈی ایم اے اور پولیس کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔پرفضا مقام ہونے کے باعث لیسوا میں سیاحوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اور ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے، انتظامیہ نے مظفرآباد میں ایمر جنسی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے جس کا نمبر 05821921643 ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں