مون سون کی بارشوں کے متوقع نقصانات کے ازالے کے لیے میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کو ہنگامی بنیادوں پر اضافی بجٹ مہیا کیا جائے ،رفیق اعوان

بدھ 17 جولائی 2019 17:47

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) انجمن تاجران چہلہ بانڈی کے صدر رفیق اعوان نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے متوقع نقصانات کے ازالے کے لیے میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کو ہنگامی بنیادوں پر اضافی بجٹ مہیا کیا جائے ،اس وقت دارلحکومت کے شہری علاقہ میں بارشوں کے باعث مٹی،بجری اور ملبہ مین شاہرات سمیت رابطہ سڑک پر جمع ہے اور بلدیہ کے پاس بھاری مقدار میں جمع ہونے والے ملبہ کی صفائی کے لیے وسائل دستیاب نہیں جس کے باعث شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ رواں مون سون سیزن میں مسلسل بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔حالیہ بارشوں کے باعث شہر کی جملہ سڑکات پر بھاری ملبہ جمع ہو چکا ہے اگرچہ میونسپل کارپوریشن کا عملہ ملبہ صفائی میں مصروف ہے لیکن وسائل کی قلیت کے باعث میونسپل کارپوریشن کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چہلہ بانڈی میں نکاسی آب کا کوئی معقول انتظام نہ ہونے اور نالیوں کی بندش کے باعث بارشوں کا پانی دوکانوں اور مکانوں میں جمع ہو جاتا ہے ۔

مین شاہراہ سمیت لنک روڈ پر بھاری ملبہ موجود ہے جس کے باعث تاجروں سمیت ٹرانسپورٹروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ چہلہ بانڈی ہے ۔چہلہ بانڈی میں شاہرات کی نالیاں صاف نہ کیے جانے کے باعث پانی اور ملبہ سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر میونسپل کارپوریشن کو ملبہ صفائی کے لیے اضافی بجٹ مہیا کرے اور کارپوریشن سمیت ترقیاتی ادارہ ،محکمہ شاہرات کی مشینری کو بھی ملبہ صفائی کے لیے استعمال میں لایا جائے تاکہ تاجروں سمیت شہریوں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔

مون سون میں متوقع طوفانی بارشوں سے نبرد آزمان ہونے کے لیے شہر بھر میں شاہرات کے ارد گرد نالیوں کی صفائی کی جائے اور نکاسی آب کا مستقل بندوبست کیا جائے ۔اصل مسئلہ بارشوں کے پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہ ہونا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں