مظفرآباد میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے لیے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے،خواجہ اعظم رسول

بدھ 17 جولائی 2019 17:47

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن خواجہ اعظم رسول نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر دارالحکومت مظفرآباد میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کے لیے ٹھوس او رجاندار حکمت عملی طے کر لی گئی ہے ۔پہلے مرحلے میں رشید آباد اور نیلم قلعہ سے ملحقہ اراضی سے غیر قانونی قبضہ ختم کرایا گیا ہے ۔

شہر میں اراضی کی واگزاری کے بعد تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کیا جائیگا ۔قبضہ مافیا کے خلاف جاندار کارروائی کے لیے میونسپل کارپوریشن کو ضلعی انتظامیہ ،پولیس اور دیگر اداروں کا مکمل تعاون حاصل ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن کا کہنا تھا کہ دارلحکومت مظفرآباد میں مختلف مقامات پر سرکاری اراضی با اثر افراد کے زیر قبضہ ہے جن کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کے لیے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

شہر میں جہاں بھی سرکاری اراضی کسی کے قبضہ میں ہے اس ہر قیمت پر واگزار کرایا جائے گا ۔قانون سے کوئی بالا تر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں ایسی تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا جہاں ایوارڈ کے تحت معاوضہ جات وصول کرنے کے باوجود لوگوں نے تعمیرات کررکھی ہیں ۔شاہرات کے ارد گرد ایوارڈ شدہ اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کی گئی ہیں جو کہ تجاوزات کے زمرے میں آتی ہیں ۔دارلحکومت کو اس شایان شان بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔شہر کے اندر شاہرات کے اطراف سے تجاوازات کا خاتمہ کرکے شہر کو کشادہ اور خوبصورت بنایا جائے گا اس سلسلہ میں کسی قسم کے دبائو کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں