لیسواہ کے متاثرین بے یارو مددگار پڑے ہوئے ہیں،ان پر قیامت صغریٰ برپا ہوئی حکومت ان کی بھرپور مدد کرے‘ شمیم علی ملک

پیر 22 جولائی 2019 14:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس شعبہ خواتین کی سینئر نائب صدر شمیم علی ملک نے کہا ہے کہ لیسواہ کے متاثرین بے یارو مددگار پڑے ہوئے ہیں،ان پر قیامت صغریٰ برپا ہوئی،حکومت کو چاہئے کہ ان کی بھر پور مدد کرے۔قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے متاثرین کی حوصلہ افزائی کی۔

حکومت پاکستان سے ہمارا مطالبہ ہے کہ متاثرین کو محفوظ مقام پر شفٹ کیا جائے اور ان کو گھر تعمیر کر کے کیے جائیں جن کے پیارے اس قدرتی آفات میں اللہ کو پیارے ہو چکے ہیں فی الفور اُن کو معاوضہ جات کی ادائیگی کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ گڈگورننس کے بلند و بالا دعوے کر رہی ہے اور عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کی باتیں کرتی ہے،مگر سانحہ لیسواہ میں حکومت کی کمزور اور عوام دشمن پالیسی کھل کر سامنے آئی ہے۔

(جاری ہے)

متاثرین دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں مگر حکومت ان عملی مدد کرنے کے بجائے بیان بازی کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے سانحہ کے فوراً بعد موقع پر آکر امدادی کاموں میں حصہ لیا۔اس کے علاوہ جو ادرے متاثرین لسیواہ کیلئے امداد سرگرمیوں میں مصروف ہیں وہ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ہم حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کو معقول معاوضہ جات کی ادائیگی کی جائے تاکہ متاثرین لیسواہ اپنے پائوں پر کھڑے ہو سکیں۔مسلم کانفرنس متاثرین لیسواہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں