آتشزدگی سے متأثرہ دودھنیال ایم ٹی بازار کیلئے ٹی ڈی کوٹہ کے تحت لکڑ مہیاکرینگے‘وزیر جنگلات

تاجرمعاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں متاثر نہیں ہونے دینگے‘سردار میر اکبر خان کی متاثرین سے گفتگو

منگل 23 جولائی 2019 15:55

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان نے کہاہے کہ آتشزدگی سے متأثرہ دودھنیال ایم ٹی بازار کیلئے ٹی ڈی کوٹہ کے تحت لکڑ مہیاکرینگے۔تاجرمعاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں متاثر نہیں ہونے دینگے۔دودھنیال ایم ٹی بازار سے ملحقہ آتشزدگی سے متاثرہ دکانوں، رہائشی مکانوں کی تعمیرنقشے کے عین مطابق کی جائے ۔

محکمہ جنگلات ٹی ڈی کوٹہ کے تحت مناسب لکڑ کی فراہمی یقینی بنائے گا۔دودھنیال کے سفیداور خالی رقبہ جات پر کثیرتعداد میںنرسریاں لگائی جائیںگی۔ وائس آف یوسی دودھنیال(رجسٹرڈ) کے ممبران وایم ٹی بازار دودھنیال کے متاثرہ تاجران کے وفود سے وزیر جنگلات گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر جنگلات سردار میر اکبرخان کے دورہ نیلم کی واپسی کے موقع پر وائس آف یوسی دودھنیال کے زیراہتمام آتشزدگی سے متاثرہ ایم ٹی بازار کے تاجران ممتاز خان ،سیاسی وسماجی نوجوان مشتاق بٹ ،فیصل میر ،بلال خان ،عبداللہ خان ، وسیم خان، طاہر بٹ ، سیف اللہ ، محمد ابراہیم پرمشتمل وفد نے وزیر جنگلات سے ملاقات کرتے ہوئے دودھنیال آتشزدگی سے متاثرہ ایم ٹی بازار کامعائنہ کرایا اور بازار کی تعمیرات کیلئے ٹی ڈی کوٹہ کے تحت معاونت کامطالبہ کیاجس پر وزیر جنگلات نے محکمہ جنگلات کو احکامات صادر کرتے ہوئے کہاکہ بازارسمیت وادی بھر میں جہاں کہیں مساجد کی تعمیر،آتشزدگی، لینڈ سلائیڈنگ کے متأثرہ شہریوں کی بحالی کیلئے ٹی ڈی کوٹہ کے تحت معاونت کی جائے۔

انہوں نے کہاکہ بلین ٹری منصوبہ کے تحت شجرکاری مہم کے لیے پرائیویٹ سطح پر دیودار ، کائل اور دیگر پھلدار پودے اُگائے جائیں۔محکمہ جنگلات عوام سے باقاعدہ پودے خریدکر ان ہی کے علاقوں میں شجرکاری کرائے گا۔ وزیر جنگلات سردار میراکبر خان نے ریاست بھر سمیت وادی نیلم کے جنگلات کو آگ اور بے دریغ کٹائی سے بچانے کیلئے تحفظ جنگلات کمیٹیوں کی معاونت بھی طلب کی ہے۔

یونین کونسل نیلم کے بالائی علاقے میں لکڑ سمگلنگ سے بچانے کیلئے چیک پوسٹ قیام کرنے کے احکامات بھی صادر فرمائے ہیں ۔وزیرجنگلا ت کے وادی نیلم کے قدرتی ماحول کو سازگار رکھنے کیلئے قدرتی جنگلات کے بچائوپرسخت زور دیاہے۔انہوں نے کہاکہ وادی نیلم کو اللہ رب العزت نے خوبصورتی اور قدرتی وسائل سے مالا مال کررکھاہے۔ یہاں کی فضاء اور ہربھرے پہاڑوں کودیکھنے کیلئے پاکستان سے بڑی تعداد میں سیاح یہاں آتے ہیں۔

حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے ترجیح بنیادوں پرکام کررہی ہے۔محکمہ جنگلات کے وادی نیلم میں قائم ریسٹ ہائوسز سیاحوں کیلئے موجود ہیں محکمہ جنگلات بھی جس قدر ہوسکا سیاحت کے فروغ میں معاونت کریگا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ناظم اعلیٰ جنگلات خواجہ سجاد ، ناظم جنگلات ڈاکٹر اشفاق حیدری ، فیروز اعوان، چوہدری سلیمان ، مہتمم جنگلات غلام مجبتی ٰ اعوان ، منظور مقبول ، چوہدری شہباز، سٹاف آفیسر جنگلات سردار ریاض ، پی آراو سردار طاہر،،رینج آفیسر حکم شاہ،بلاک آفیسر ملک جہانگیر تھے ۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں