وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر ٹرمپ کو ثالثی کی پیشکش کر کے ہندوستان کو مشکل میں ڈال دیا‘سردار عتیق احمد خان

پاکستان کشمیر کا وکیل ہے اور پاکستان نے ہر دور میں وکالت کا حق اداکیا ہے ، کشمیری عوام بھی پاکستان کی تکمیل کیلئے اپنی نسلوں کی قربانیاں دے رہے ہیں

منگل 23 جولائی 2019 15:55

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے قائد و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر ٹرمپ کو ثالثی کی پیشکش کر کے ہندوستان کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیوں نے بھارت کو پوری دنیا میں بے نقاب کر رکھا ہے ، اب عمران خان نے صدر ڈونلڈٹرمپ کو ثالثی کی دعوت دیکر مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی دنیا کے سامنے اجاگر کر دیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا اور حکومت کی چیخ و پکار اس بات کا ثبوت ہے کہ انہیں ٹرمپ کی بات سے بہت تکلیف ہوئی ہے۔ دنیا نے ہندوستان کے اٹو ٹ انگ کے موقف کو یکساں مسترد کر دیا ہے، اب وقت آگیا ہے کہ کوئی سہ فریقی مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کروائے، دو طرفہ مذاکرات سے مسئلہ بہتر سال سے حل نہیں ہوا ، سردار عتیق احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کا وکیل ہے اور پاکستان نے ہر دور میں وکالت کا حق اداکیا ہے ، کشمیری عوام بھی پاکستان کی تکمیل کیلئے اپنی نسلوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ہندوستان کو کشمیریوںکے عزم و حوصلے کے آگے ہتھیار ڈالنا ہونگے۔ ہم عمران خان کے موقف کی حمایت کرتے ہیں جس طرح انھوں نے مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اٹھایا ا س سے مسئلہ کشمیر فلش پوائنٹ کی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ بھارت کو پاکستان کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب دینا ہو گا ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں