صدر آزاد کشمیر سے عراق کی اسلامی سپریم کونسل کے رہنما شیخ ڈاکٹر حمام حمودی کی ملاقات،

باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال مقبوضہ کشمیر میں نہتے ، پر امن شہریوں پر بھارتی قابض فوج عالمی قوانین کو پامال کر کے مظالم ڈھا رہی ہے، سردار مسعود خان برہان وانی کی شہادت کے بعد بھارتی فوج نے اب تک 990 بیگناہ شہریوں کو شہید ،27ہزار سے زائد کوزخمی ومعذور کیا، صدر آزادکشمیر عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے ،کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ، شیخ ڈاکٹر حمام حمودی

منگل 23 جولائی 2019 19:54

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2019ء) عراق کی اسلامی سپریم کونسل کے رہنما اور آزاد کشمیر کا دورہ کرنے والے عراقی پارلیمانی وفد کے سربراہ شیخ ڈاکٹر حمام حمودی نے مسئلہ کشمیر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کے ذریعے کشمیری عوام کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔

ایوان صدر مظفرآباد میں آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان سے پانچ رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حمام حمودی نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے اور کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے جس کا وعدہ اقوام متحدہ نے اپنی قرار دادو ں کی شکل کشمیری عوام سے کر رکھا ہے ۔

(جاری ہے)

اسلامی سپریم کونسل کے رہنما نے مسئلہ کشمیر سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت کے مابین مذاکرات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطہ میں ترقی ، خوشحالی اور استحکام کے لیے دیر پا امن ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خطہ کشمیر ایک خوبصورت علاقہ ہے لیکن یہاں کے عوام مسئلہ کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے مصائب اور مشکلات کا شکار ہیں۔

ہماری خواہش ہے کہ یہ مسئلہ جلد حل ہو تاکہ اس خوبصورت خطہ زمین کے لوگ امن چین سے زندگی بسر کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اُن کے وفد کے ارکان دورہ آزاد کشمیر کے دوران یہاں کے لوگوں کے ساتھ مل کر تنازعہ کشمیر اور اس کی مختلف جہتوں کو سمجھنے کی کوشش کریں گے ۔ عراقی پارلیمانی وفد کے سربراہ نے کہا کہ اُن کی حکومت پاکستان ، آزاد کشمیر اور عراق کے درمیان تعلیم ، صحت ، زراعت اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کی خواہش مند ہے ۔

قبل ازیں عراقی پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعودخان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے ، پر امن اور بے گناہ شہریوں کے خلاف بھارت کی قابض فوج تمام بین الاقوامی قوانین اور مسلمہ انسانی اقدار کو پامال کرتے ہوے ایسے مظالم ڈھا رہی ہے جس سے انسانیت شرما کر رہ گئی ہے ۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے اعداد و شمار دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے عراقی پارلیمانی وفد کو بتایا کہ 1989 سے لے کر اب تک ایک لاکھ سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا جن میں سے سات ہزار ایسے لوگ ہیں جو بھارتی فوج کی حراست میں تشددد اور ٹارچر سے جان بحق ہوئے ۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کے مظالم کے نتیجہ میں بائیس ہزار کشمیری خواتین بیوہ ، ایک لاکھ بچے یتیم ہوئے اور گیارہ ہزار سے زیادہ عفت ماب خواتین کی عزت و حرمت کو تار تار کیا گیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کے مختلف علاقوں میں آٹھ ہزار ایسی قبریں دریافت ہوئی ہیں جہاں جعلی مقابلوں میں کشمیری نوجوانوں کو قتل کر کے دفنایا گیا ہے ۔

صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ آ ٹھ جولائی 2016 ء میں کشمیر کے نوجوان حریت پسند برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم اور بربریت کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا جس کے نتیجہ میں 990 بے گناہ شہری شہید کئے گئے جبکہ ستائیس ہزار سے زیادہ زخمی یا معذور کئے گئے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت کی قابض فوج جان بوجھ کر پیلٹ گنوں کے ذریعے کشمیری نوجوانوں کی آنکھوں کا نشانہ لے کر اُنہیں بصارت سے محروم کر رہی ہے اور گزشتہ تین سال کے دوران دس ہزارسے زیادہ مرد ، خواتین اور نوجوان وحشیانہ طریقے سے بینائی سے محروم کر دیئے گئے ۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت ایک طرف بد ترین ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کو وحشیانہ انداز میں قتل کر رہا ہے اور دوسری جانب اُن کی جائز ، منصفانہ اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق پرُ امن جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے تعبیر کر کے دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ بھارت یک منصوبہ بندی کے تحت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کر رہا ہے تاکہ بین الاقوامی دبائو کے تحت جموں و کشمیر میں رائے شماری کی صورت میں نتائج کو اپنے حق میں بدل سکے ۔

اس مقصد کے لیے بھارتی حکومت اپنے آئین میں ایسی تبدیلیاں لانا چاہتی ہے جس کے نتیجے میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم ہو جائے گی اور کشمیر کے عوام بعض اہم بنیادی حق سے محروم ہو جائیں گے ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور عوام کی طرف سے بھرپور مذاحمت سے توجہ ہٹانے اور بھارت کے اندار ہندو آبادی کی سیاسی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر فائرنگ کر کے کشیدگی بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے ۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر دو رپورٹوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے ان رپورٹوں میں تمام شواہد کے ساتھ بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے پر امن اور بے گناہ کشمیریوں پر مظالم ، زبردستی گمشدگیوں ، اندھا دھند گرفتاریوں ، جنسی تشدد کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے اور دیگر انسانی حقوق کی پامالیوں کو موثر انداز میں اُجاگر کیا گیا ۔

اس قسم کی دو اور رپورٹس برطانیہ اور یورپین پارلیمنٹس نے بھی تیار کی جن میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹس کی تصدیق اور توثیق کی گئی ہے ۔ اُنہوں نے عراقی وفد کے دورہ آزاد کشمیر کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وفد کے ارکان دورہ آزاد کشمیر کے دوران جموں و کشمیر کے اس حصہ میں کشمیریوں سے ملاقات کر کے مسئلہ کشمیر اور اس مسئلہ کے حل نہ ہونے سے کشمیری عوام کو درپیش مسائل کو زیادہ بہتر انداز میں سمجھیں گے ۔ اُنہوں نے عراقی وفد کے سربراہ اور عراقی اسلامی سپریم کونسل کے رہنما کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیری عوام کے موقف کی بھرپور حمایت پر اُن کا شکریہ ادا کیا ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں