قوم کو اتحاد ویکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے قبل کبھی نہیں تھی ،میر محمد یونس

ہمارا مقابلہ مکار، عیار اور پیٹھ پر وار کرنے والے دشمن کے ساتھ ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم کو تمام اختلافات بھلا کر یکجان ہونے کی ضرورت ہے،ممبر کشمیر کونسل

پیر 19 اگست 2019 17:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2019ء) سینئر رہنما پاکستان پیپلزپارٹی و ممبر کشمیر کونسل میر محمد یونس نے کہا ہے کہ قوم کو اتحاد ویکجہتی کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے قبل کبھی نہیں تھی ہمارا مقابلہ مکار، عیار اور پیٹھ پر وار کرنے والے دشمن کے ساتھ ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم کو تمام اختلافات بھلا کر یکجان ہونے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے ایک ہفتے میں 4 دفعہ لائن آف کنٹرول پر جارحیت کا مظاہرہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے اور بھارت کو اس جارحیت کا ہمارے دلیر، جراتمند اور بہادر جوانوں نے بھرپور جواب دیا ہے ،بھارت ایک انتہا پسند ملک ہے اور بھارتی حکمران اکھنڈ بھارت کا خواب دیکھ رہے ہیں لیکن اُن کا یہ خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کرنے کی ناپاک جسارت کی تو پوری قوم اُس کو ایسا دندان شکن جواب دے گی کہ بھارت کے ہر شہر پر اسلام کا جھنڈا لہرائے گا۔

میر محمد یونس نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے وجود کو شروع دن سے تسلیم نہیں کیا اور ہمیشہ سے پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے جس کو ناکام بنانے کیلئے ملکی سیاسی قیادت سول سوسائٹی دانشوروں ادیبوں وکلاہ اور صحافیوں سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو یک ٓاواز ہوکر قومی یکجہتی کے جذبے کو اجاگر کرنا پڑے گا ۔اُنہوں نے مقبوضہ کشمیر میں نازک ترین صورتحال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں 16روز سے کرفیو کا سماں ہے،کشمیر پاکستانیوں کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ، جنت نظیر ہے اور جنت کبھی ہوسکتی نہیں کفر کی جاگیر، بھارت کی کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کی کوشش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اور وادی کا چپہ چپہ، انچ انچ ناپاک غاصب فوج سے آزاد کرائیں گے۔

آخر میں اُنہوں نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیاں کررہا ہے ،اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ بھارت پر جنگی جنون کو ہوا دینے کے خلاف پابندی عائد کرے تاکہ مزید انسانی جانیں کا ضیاع نہ ہوسکے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں