مظفر آباد میںپیپلز فریڈم لیگ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی

ْ اقوام متحدہ مقبوضہ علاقے میں انسانی المیے کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے، فاروق رحمانی

پیر 19 اگست 2019 17:12

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) جموںو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور مقبوضہ علاقے میں گزشتہ 15روز سے جاری کرفیو اور دیگر پابندیوں کے خلاف مظفر آباد میں ایک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے کی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ریلی ساتھرا سے سے شروع ہوکر پریس کلب پر ختم ہوئی۔

ریلی کے شرکاء نے بھار ت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے۔شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر اقوام متحدہ سے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ درج تھا۔ محمد فاروق رحمانی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے اور مسلسل کرفیو اوردیگر پابندیوں کی وجہ سے علاقے میں غذائی اجناس، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ بھارت کے انسانیت سوز مظالم پر ماتم منانے کا نہیں بلکہ آگے بڑھنے کا وقت ہے اور بھارت کے ساتھ شملہ، تاشقند، اعلان لاہور یا اعلان اسلام آبادسمیت تمام معاہدوںکو بھارت کے منہ پر ماردینا چاہیے کیونکہ یہ معاہدے بے کار ہیں اور اگربھارت نے ان معاہدوں پر عملدرآمد نہیں کیا توپاکستان کیوں ان کا پا س رکھے۔انہوںنے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں پانی سر سے گزرچکا ہے اور اب لوگوں کو بچانے کا وقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کو فلسطین بنانا چاہتا ہے اورپاکستان پر بڑی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموںو کشمیر میں بچوں کو اغواء اور خواتین کی توہین کی جارہی ہے جبکہ کشمیر کے جیل نوجوانوں سے بھر چکے ہیں۔ محمد فاروق رحمانی نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموںسے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور انسانی المیے کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔ ریلی میں محمد رفیع، ماسٹر یوسف بٹ، چوہدری محمد شفیع، شاہد الاسلام، محمد مسکین، حمزہ شاہین اور خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت لوگوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر شہدائے کشمیرکیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں