واپڈاہ متاثرین نیلم جہلم سے بھیڑ بکریوں والا سلوک بند کرے ‘متاثرین نیلم

سکریپ نیلامی کے ٹینڈر جو لاہور میں کیئے گئے ہیں28اگست تک منسوخ نہ کئے گئے تو جہلم ویلی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا جائے گا

جمعہ 23 اگست 2019 15:38

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2019ء) متاثرین نیلم،جہلم مرکزی ایکشن کمیٹی کے مرکزی عہدیداران محمد عارف مغل،شجاعت کاظمی،افسر خان مغل،جاوید مغل،تبریز کاظمی،تنویر خان مغل،محمد نذیر عباسی اور دیگر نے کہا ہے کہ واپڈاہ متاثرین نیلم جہلم سے بھیڑ بکریوں والا سلوک بند کرے ہم نے پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں مگر واپڈاہ کا طرز عمل بد معاشوں جیسا ہے۔

واپڈاہ نے بدمعاشی بند نہ کی تو آزادکشمیر میں بھی مقبوضہ کشمیر جیسے حالات پیدا ہونے کی تمام تر ذمہ داری واپڈاہ پر عائد ہو گی ۔سکریپ نیلامی کے ٹینڈر جو لاہور میں کیئے گئے ہیں28اگست تک منسوخ نہ کئے گئے تو جہلم ویلی روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا جائے گا اور واپڈا افسران کو کام نہیں کرنے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار اُنہوں نے گذشتہ روز مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اُنہوں نے کہا کہ ہماری تمام زمینیں، جائیداد یں نیلامی کے بھاؤ خریدی گئیں۔

پراجیکٹ شروع ہونے سے پہلے جو وعدے کیئے گئے وہ ابھی تک پورے نہیں کئے گئے واپڈاہ اپنے مفاد کے پیش نظر مختلف قوانین اور رولز لے کر سامنے آجاتا ہے آزادکشمیر کے عوام اور حکومت سے فراڈ کیا جا رہا ہے۔ملازمتوں میں مقامی افراد کو نظر اندا زکر کے پنجاب،سندھ سمیت دیگر علاقوں سے لوگوں کو بھرتی کر کے لایا جارہا ہے۔مقامی افراد کو چپڑاسی،چوکیدار ،کی ملازمت بھی نہیں دی جاتی۔

اُنہوں نے کہا کہ واپڈاہ ہمارے صبر کا مزید امتحان نہ لے اگر واپڈا نے ذیادتیاں بند نہ کیں تو پھر حالات کسی کے قابو میں نہیں رہیں گے۔ہزاروں بے روزگار نوجوان جب سڑکوں پر آگے تو پھر انہیں سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ ہم پہلے نیلم جہلم کی صورت میں ہماری زندگیاں ،جائیدادیں اور ماحول تباہ کیا گیا اور اب پھر دوسری مرتبہ کوہالہ پراجیکٹ کی صورت میں پھر کشمیریوں سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ہم سے ہمارا پانی ہماری زمینیں چھین لی گئی ہیں اب کوہالہ کی صورت میں ہماری زندگیوں کو جہنم بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں