چیف جسٹس آزاد کشمیرہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سدھنوتی کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لے لیا

ہفتہ 24 اگست 2019 21:49

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اگست2019ء) چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سدھنوتی کے نو منتخب عہدیداران سے حلف لے لیا۔اس موقع پر ایک پروقار تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ بار سدھنوتی کی جانب سے جسٹس ایم تبسم آفتاب علوی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔

قبل ازیں چیف جسٹس کا سدھنوتی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔چیف جسٹس ہائی کورٹ نے عدالت سول جج تراڑکھل کا بھی دورہ کیا۔چیف جسٹس عدالت بلوچ میں سول جج کی نئی قائم ہونے والی عدالت کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر، ممبر کشمیر کونسل پرویز اختر ملک، جسٹس رسردار عبدالحمید خان،ممبر بار کونسل سردار حبیب خان ایڈووکیٹ، رجسٹرار عدالت العالیہ کے علاوہ ممبران بار کونسل سدھنوتی پلندری، جوڈیشل آفیسران ضلع پلندری سدھنوتی، انتظامی آفیسران اور نمائندگا ن پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے عوام الناس کو بلا تاخیر انصاف کی فراہمی کے لیے نئی عدالتوں کے قیام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقدمات کے speedy Disposal کے لیے لازم ہے کہ جوڈیشل آفیسران کے پاس مقدمات کی تعداد کم ہو۔ چیف جسٹس نے حکومت بالخصوص وزیر قانون سردار فاروق احمد طاہر کی عدالت سول جج بلوچ کے قیام کے حوالہ سے کوششوں کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر موصوف کو عدالت کے قیام پر مبارکباد پیش کی۔

چیف جسٹس نے اپنے خطاب میں بلوچ عوام کی تحریک آزادی کشمیر کے حوالہ سے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے کیے جانے والے مظالم کی بھی مذمت کی۔ چیف جسٹس نے اپنے خطاب میں ماتحت عدلیہ کی بہتر کارکردگی کا تذکرہ کرنے کے ساتھ ساتھ اظہار کیا کہ فراہمی انصاف اور عدالتی نظام کی بہتری کے سلسلہ میں مجھے ہمیشہ ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن پلندری، ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن پونچھ اور تحصیل بار ایسوی ایشن تراڑکھل کا مکمل تعاو ن اور حمایت حاصل رہی ہے جس پر میں بار کے نمائندگان,ممبران اور سینئر ایڈووکیٹس کا شکر گزار ہوں اور میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں بھی بار فراہم انصاف کو یقینی بنانے کے لیے عدلیہ کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

اور سائلان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا مثبت کردار بھر پور انداز میں ادا کر یں گے۔ نمائندگان عوام علاقہ وزیر قانون سردار فاروق احمد اور ممبر کشمیر کونسل ملک پرویز اعواننے چیف جسٹس عدالت العالیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عدالت سول جج بلوچ کے قیام میں ان کے تعاون اور ذاتی دلچسپی کوشاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ چیف جسٹس سابق وزیر حکومت و سینئر ایڈووکیٹ سردار محمد حسین کے گھر تشریف لے گے اور ان کے جواں سالہ بیٹے سردار طفیل احمد ایڈوکیٹ کی ناگہانی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں