مقبوضہ کشمیر کی مظلوم و محکوم کشمیری خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے محکمہ ترقی نسواں کے زیر اہتمام یکجہتی ریلی کا انعقاد

جمعہ 20 ستمبر 2019 15:49

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیر کی مظلوم و محکوم کشمیری خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے محکمہ ترقی نسواں کے زیر اہتمام یکجہتی ریلی کا انعقاد ۔ سیاسی جماعتوں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد کی یکجہتی ریلی میں شرکت ۔ خواتین نے ہاتھوں میں کتبے اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے ساتھ ہونے والے انسانیت سوز مظالم کے خلاف نعرے درج تھے ۔

خواتین نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور مقبوضہ کشمیر کی خواتین کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ۔ ریلی نیو سول سیکرٹریٹ سے چھتر چوک تک نکالی گئی جسکی قیادت آزاد کشمیر کی وزیر ترقی نسواں محترمہ نورین عارف نے کی جبکہ ریلی میںڈائریکٹر ترقی نسواں ڈاکٹر قدسیہ بتول،نصرت درانی،ڈاکٹر بشریٰ سمش، راحت فاروق راجہ ایڈووکیٹ،، نثارہ عباسی، ڈاکٹر ریحانہ کوثر،ماریہ اقبال ترانہ،حسنہ نور،عظمیٰ شیریں ایڈووکیٹ اور دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر ترقی نسواں محترمہ نورین عارف نے کہا کہ آج 47روز سے مقبوضہ کشمیر کی بہادر اور غیور خواتین قابض بھارتی فوج کا مقابلہ کر رہی ہیں ۔ جبکہ گزشتہ 70سالوں سے کشمیری خواتین کے حوصلے اپنے بھائیوں ، بیٹوں اور خاوندوں کی قربانیاں دینے کے باوجود پست نہیں ہوئے ۔ قابض بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں ہماری بہنوں اور بیٹیوں کی عصمت دری میں مصروف ہیں لیکن اقوام عالم کی آنکھیں بند ہیں انہیں مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کی یہ داستانیں نظر نہیں آتیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کی یہ انفرادی ذمہ داری بھی ہے کہ ہم اپنی اپنی سطح پر تمام سیاسی ، علاقائی اور گروہی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ان مظلوم و محکوم کشمیری خواتین کے لیے آواز بلندکریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر سطح پر انکی آواز اٹھائیں گے ۔ ہمیں مقبوضہ کشمیر کی خواتین پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جانوں،عصمتوں اور جگر گوشوں کی قربانیاں دے کر تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے ان ہی کی قربانیوں کی وجہ سے آج بھی مقبوضہ وادی میں آزادی کی شمع پورے آب وتاب کے ساتھ روشن ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں