مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی نارروا پابندیوں کے باعث عالمی برادری کی مداخلت نا گزیر ہو گئی ہے، صدرآزاد کشمیر

پیر 14 اکتوبر 2019 12:23

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے نارروا پابندیاں اُس مرحلہ میں داخل ہو گئی ہیں جہاں عالمی برادری خصوصاً امریکہ کی مداخلت نا گزیر ہو گئی ہے ۔ اپنے ایک انٹرویو میں صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ امریکہ میں ہمیں واضح تبدیلی نظر آتی ہے ۔

پانچ اگست سے پہلے امریکہ میں بھارت کے لیے حمایت بہت زیادہ تھی کیونکہ بھارت اور امریکہ کے درمیان گہرے اقتصادی اور اسٹرٹیجک تعلقات ہیں لیکن اب یہ سب کچھ بدل رہا ہے جس کا ثبوت حالیہ دنوں میں امریکی قانون سازوں کی طرف سے ہندو قوم پرست وزیراعظم نریندر مودی کی کشمیر کے حوالے سے پالیسیوں پر کھل کر تنقید ہے ۔

(جاری ہے)

دو ہفتے پہلے پریمیلا جیا پال کی قیادت میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے 14 قانون سازوں نے بھارتی وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی ناکہ بندی ختم کر کے انٹرنیٹ اور موبائل سروس بحال کر ے اور وہاںکے عوام کو ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کرنے کی سہولت فی الفور بحال کریں ۔

اگرچہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر ہوسٹن میں بھارتی امریکیوں کی ایک ریلی میں شرکت کر کے بھارت سے اپنی قربت کا اظہار ضرور کیا لیکن دوسری جانب اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام کی بحالی اور سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کر کے امریکی حکومت کی پالیسی واضح کر دی ۔

اُنہوں نے کہا کہ امریکی میڈیا سمیت عالمی ذرائع ابلاغ کئی عشروں کے بعد پہلی بار بھارتی اسٹبلشمنٹ کے بیانیہ کے بجائے کشمیریوں کی حقوق کی بات کر رہا ہے اور کشمیر میں ہونے والے واقعات کو سچائی کے ساتھ بیان کر رہا ہے ۔ صدر سردار مسعود خان نے بھارت کے اس موقف کو مستر د کر دیا کہ مقبوضہ کشمیر میں دفعہ 370 اور 35-A اس لیے ختم کی گئی کہ بھارتی حکومت کشمیر کو بہتر انداز میں بھارت کے ساتھ ضم کرنے اور ریاست میں لوگوں کو خوشحالی اور علاقے کی تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنا چاہتی ہے ۔

سردار مسعود خان نے کہا کہ دہلی کی حکومتوں نے ستر سال کشمیر کو اپنے ساتھ ضم کرنے کی بہت کوششیں کیں لیکن وہ اس میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوئے ۔ اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی اقدامات کے بعد آزاد کشمیر کے نوجوان غصے سے بھرئے ہوئے ہیں اور وہ لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب اپنے بھائیوں اور بہنوں کے حقو ق کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت اسرائیل کی طرز پر بھارت کے ہندو خاندانوں کو مقبوضہ کشمیر میں لا کر آباد کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے تاکہ کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا جائے ۔ سردار مسعود خان کشمیریوں کے حقوق پر عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے کھل کر حمایت پر چین کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں