ْمحکمہ صحت عامہ ڈینگی کنٹرول کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھارہا ہے، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس مظفرآباد

پیر 14 اکتوبر 2019 12:23

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2019ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی راہنما اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس مظفرآباد کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سبطین نذیر نے کہا ہے کہ محکمہ صحت عامہ ڈینگی کنٹرول کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھارہا ہے۔انسداد ڈینگی کے لیے محکمہ صحت کو دوسرے تمام محکمہ جات کا تعاون درکارہے۔میرپور زلزلہ کے بعد محکمہ صحت پہلا محکمہ تھا جس نے سب سے پہلے رسپانس دیا اور قریبی اضلاع سے محکمہ صحت کی ٹیمیں میرپورزلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے پہنچائی گئیں۔

ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر آفتاب نے محکمہ کے اندر اصلاحات کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور طبی مراکز میں عملہ کی بروقت حاضری یقینی بنائی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ نے تعلیمی اداروں کی طرز پر جملہ طبی مراکز میں بائیومیٹرک سسٹم کی تنصیب کے لیے حکومت کو تحریک کیا ہے اور ڈی جی ہیلتھ آزادکشمیر بھر کے بی ایچ یوز اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں عملہ کی حاضریاں خود چیک کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت ایسا ادارہ ہے جس کا سربراہ براہ راست عوام سے ہے اور عوام الناس کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی محکمہ کی بنیادی ذمہ دایر ہے۔ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ نے محکمہ صحت میں موثر اصلاحات اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے جاندار حکمت عملی ترتیب دی ہے جس کے تحت محکمہ کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل میں عوام الناس اور محکمہ صحت کے ملازمین کی سہولت کے پیش نظر سیکنڈ شفٹ کا آغاز کیا گیا ہے جہاں دفتری اوقات کار کے بعد بھی اہلکار ہمہ وقت موجود ہوتے ہیں۔اس اقدام کا مقصد شکایات کا فوری ازالہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے محکمہ صحت کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔آزادکشمیر حکومت کی طرف سے شروع کردہ مفت ایمرجنسی سروسزسے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ مستفید کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکرٹری صحت عامہ آزادکشمیر کے اندر عوام الناس کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کا ویژن رکھتے ہیں اور ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ ڈاکٹر آفتاب اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹر سعید اعوان بہترین انداز میں کام کررہے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل نے موجودہ صورتحال میں لائن آف کنٹرول پر واقع جملہ طبی مراکز کے دورے کیے ہیں اور ان مراکز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت عملے کی حاضری کو بھی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں