بینک آف آزاد کشمیر کے زیر اہتمام انسداد منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنانسنگ روکنے کیلئے خصوصی ٹریننگ پروگرام منعقد کیا گیا

پیر 21 اکتوبر 2019 18:13

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اکتوبر2019ء) بینک آف آزاد جموں وکشمیر کے زیر اہتمام انسداد منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنانسنگ روکنے کے لئے خصوصی ٹریننگ پروگرام منعقد کیا گیا۔ گزشتہ روز بینک کے ہیڈ آفس کے چوھدری غلام عباس لرننگ ہال میں منعقدہ ایک روزہ تربیتی پروگرام میں بینک کے شمالی ریجن سے وابستہ 27افسران نے شرکت کی۔

انٹی منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنانسنگ روکنے کے لئے بینک کی جانب سے منعقد ہونے والا یہ دوسرا پروگرام تھا۔ تربیت کے دوران بینک افسران کو موجودہ عالمی تناظر میں انسداد منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنانسنگ روکنے کے لئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق تفصیلی طور پر آگاہی فراہم کی گئی، تا کہ کوئی بھی جرائم پیشہ عنصر بینک آف آزاد جموں و کشمیر کے پلیٹ فارم کا کسی بھی انداز میں غیر قانونی استعمال نہ کر سکے۔

(جاری ہے)

تربیتی پروگرام میں شامل افسران کو بینک کی مصنوعات اور خدمات کو منی لانڈرنگ سمیت کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کے لئے بروئے کار لانے کی کوشش ناکام بنانے کی ہدایت کی گئی۔ تربیتی پروگرام کے آخر پر شرکاء میں اسناد تقسیم کرنے کے لئے ایک تقریب منعقد کی گئی ۔جس کی صدارت بینک کے صدر سید آفتاب حسین گیلانی نے کی۔ انہوں نے شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ ٹریننگ کے دوران حاصل معلومات اور ضوابط اپنے عملی پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران بروئے کار لائیں اور جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے منی لانڈرنگ یا کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو فوری ناکام بنا دیں۔ ٹریننگ کا اہتما م بینک کے کمپلائنس اینڈ ٹریننگ ڈویژن نے کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں