دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے نبی اکرم کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں، صدر آزادکشمیر عید میلادالنبی کی محفل سے خطاب

پیر 11 نومبر 2019 19:46

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2019ء) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے حضور نبی کریم کی حیات طیبہ کو پوری انسانیت کے ماڈل قرار دیتے ہوئے مسلمانان پاکستان اور آزادکشمیر پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے نبی اکرم کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربارعالیہ عیدگاہ شریف راولپنڈی میں سجادہ نشین پیر نقیب الرحمان کی طرف سے عید میلاد النبی کے حوالہ سے ایک محفل پاک سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب سے پیر نقیب الرحمان کے علاوہ صاحبزادہ پیر محمد حسان الرحمان، مفتی سلمان رضوی، سید ریاض حسین شاہ، ممبر قومی اسمبلی شیخ راشد شفیق ، پیر حبیب اللہ شاہ، پیر سعادت علی شاہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

صدر آزادکشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور نبی اکرم رہبر انسانیت تھے اور وہ پوری کرہ ارض کے رہنما تھے۔حضور نبی اکرم کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ وہ عظیم مدبر، سفارتکار اور ایک مثالی حکمران تھے جنہوں نے فلاحی ریاست مدینہ کی بنیاد رکھ کرپوری انسانیت کے لئے ایک مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مسلمان سیرت رسول اور قرآن کی شکل میں ایک بڑا خزانہ رکھتے ہیں لیکن حضور نبی اکرم کی سیرت پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے آج پوری امت مسلمہ زوال پذیر ہے اور دوسروں کی دست نگر ہے۔ اگر مسلمانوں نے دنیا میں عروج حاصل کرنا ہے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ وہ حضور نبی اکرم کی سیرت طیبہ اور قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی اکرم کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر اور اسلامی تعلیمات کو اپنا کر ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کو بھارت کی غلامی سے آزاد کروا سکتے ہیں۔

اس موقع پر صدر آزادکشمیر نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی اور شرکائے محفل کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے روا رکھے جانے والے مظالم سے آگاہ کیا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں