بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں عوامی خواہشات، عالمی قوانین ،اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرکے جبری قبضہ کیا ہوا ہے،مشتاق احمد منہاس

ہیگ کنونشن کے آرٹیکل 42 کے تحت ہندوستان مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے، ڈیموگرافی تبدیل نہیں کرسکتا،وزیر اطلاعات و سیاحت آزادجموں و کشمیر

جمعرات 14 نومبر 2019 17:16

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان نے عوامی خواہشات، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جبری قبضہ کیا ہوا ہے۔ وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہیگ کنونشن کے آرٹیکل 42 کے تحت ہندوستان مقبوضہ کشمیر پر قابض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اقوام متحدہ کے آرٹیکل 103 کے تحت مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کررہا ہے جو جنیوا کنونشن اور اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں اوراس کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو برے طریقے سے تشدد کا نشانہ بنایا جارہاہے عورتوں کی عصمت دری کی جاتی ہے جبری گمشدگیوں کی وجہ سے ہزاروں خاندان مسلسل کرب کا شکار ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر عورتوں اور بچوں پر نشانہ بازی کی جاتی ہے اور کلسٹر ایمونیشن کا استعمال کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اخلاقی اقدار کی پامالی کا سلسلہ جاری ہے دنیا کے طاقتور ممالک اگر خطے میں امن چاہتے ہیں تو انہیں یہ مسلہ حل کرنا ہوگا کیونکہ کشمیریوں نے اس کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی ایک ایک قدم گھناونے منصوبے کے تحت اٹھاتا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف کرفیو اٹھانا مسلہ کا حل نہیں ہے کشمیریوں کواقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق راے شماری کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے اقدامات کے بعد اب کشمیر 1947 کی سطح پر آگیا ہے،ہندوستان کے ساتھ سارے معاہدے ختم ہو گئے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگے 102 دن ہو گئے ہیں نہ تو عالمی ضمیر جاگا ہے اور نہ ہی کسی عالمی طاقت نے کشمیریوں کے آنسوں کا مداوا کیا ہے۔

انہوں نے برطانیہ سمیت عالمی طاقتوں اور اداروں سے اپیل کی کہ وہ ہندوستان کے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند نہ کریں اور کشمیریوں کے خلاف ہندوستان کی سیاسی دہشت گردی ختم کرانے کیلیے عملی اقدامات کریں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں