کشمیری کسی دوطرفہ معاہدے کے پابند نہیں ،ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ،وزیر اعظم آزدا کشمیر

تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنا گھر بارچھو ڑ کر ہجر ت کرنے والے ہمارے بھائی دلیر لوگ ہیں ، شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ، ہندوستان طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو فتح نہیں کر سکتا،حکومت کے وسائل تحریک آزادی کشمیر اور مہاجرین کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی بساط کے مطابق اقدامات کررہی ہے،راجہ محمد فاروق حیدر

جمعہ 6 دسمبر 2019 23:23

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کیلئے اپنا گھر بارچھو ڑ کر ہجر ت کرنے والے ہمارے بھائی دلیر لوگ ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ تحریک آزادی کشمیر کیلئے قربان کر دیا مگر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ تحریک آزادی کشمیر میں اپنا بھرپور کرداراور مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے مہاجرین جموں وکشمیر مقیم آزادکشمیر 1989سے مشاورتی عمل یقینی بناتے ہوئے تحریک آزادی کشمیر منطقی انجام تک لے کر جائیں گے ۔

کشمیری کسی دوطرفہ معاہدے کے پابند نہیں ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ مہاجرین کا گزارہ الائونس ختم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ ہم نے اس میں اضافہ کیا ،دیگر ضروریات بھی پورا کرینگے ۔

(جاری ہے)

احساس ہے کہ میزبانی کا حق کماحقہ ادا نہیں کر سکے مگر ساڑھے تین سالوں میں اپنی بساط کے مطابق بھرپور کوشش کی۔ وزیرا عظم آزادکشمیر مہاجرین 1989مقیم آزاد کشمیر کے کیمپ صدور ، معززین و عمائدین پر مشتمل نمائندہ وفد سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے ایوان وزیر اعظم میں وزیر اعظم آزادکشمیر سے ملاقات کی۔

مہاجرین کے نمائندوں نے وزیر اعظم آزادکشمیر کی جانب سے کشمیریوں کی ترجمانی پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے تشخص اور وقار کیلئے راجہ محمد فاروق حیدرخان نے حقیقی معنوں میں قائدانہ کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کیمپس میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبہ جات پر بھی عملدرآمد ہو رہا ہے ۔

مہاجرین نمائندگان نے وزیر اعظم آزادکشمیر کی قیادت پر مکمل اعتما د کا اظہار کیا ۔اس موقع پر وزیر بحالیات راجہ محمد صدیق خان ، چیئرمین وزیر اعظم معائنہ کمیشن زاہد امین کاشف و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مشاورتی عمل کو وسعت دی جائے گی اور تمام کیمپس اور مختلف جگہوں پر مقیم اپنے بھائیوں سے بھی مشاورت کی جائے گی۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ کشمیریوں کے پاس گنوانے کیئے اب کچھ نہیں بچا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو فتح نہیں کر سکتا۔حکومت کے وسائل تحریک آزادی کشمیر اور مہاجرین کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی بساط کے مطابق اقدامات کررہی ہے ۔ مہاجرین کے دکھوں کا مداوا نہیں ہو سکتا مگر اپنی طرف سے کوشش کررہے ہیں۔

ہم نے کوئی احسان نہیں کیا ۔ یہ ہمارا فرض تھا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ مجھے آپ کے دکھ درد کا احساس ہے میری والدہ کا گھر بھی مقبوضہ کشمیرمیں اس لیے میں آپ کا دکھ محسوس کر سکتا ہوں ۔ میرا آپ سے ذاتی تعلق ہے اورمہاجرین کو اپنے دل کے قریب پاتا ہوں ۔ اس موقع پر مہاجرین نے وزیر اعظم آزادکشمیر کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے آزادکشمیر میں زیر تعلیم میڈیکل کے طلباء کی فیسوں کی ادائیگی اور انہیں جیب خرچ دینے پر وزیر اعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کیا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں