چیف سیکرٹری کی زیر صدارت آزادکشمیر میں کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ کے حوالہ سے اجلاس

آئی ٹی بورڈ اور محکمہ مال کے ایک مشترکہ Project Signature کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈپر بریفنگ دی گئی

جمعہ 6 دسمبر 2019 23:23

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2019ء) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر میں کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی اور سیکرٹری آئی ٹی ، اطلاعات وسیاحت مدحت شہزاد نے چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کو آئی ٹی بورڈ اور محکمہ مال کے ایک مشترکہ Project Signature کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈپر بریفنگ دی ۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر خالد رفیق ودیگر بھی موجود تھے ۔ سینئر ممبر بورڈ ریونیو فیا ض علی عباسی اور سیکرٹری آئی ٹی مدحت شہزاد نے بتایا کہ آئی ٹی بورڈ اور محکمہ مال کی اشتراک سے کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ پروجیکٹ کے تحت تین تحصیلوں ہٹیاں ، ڈڈیال اور دھیرکوٹ کا زمین کا ریکارڈ مکمل کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

پہلے فیز میں تینوں تحصیلوں کو بطور پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا گیا ۔ ان تین تحصیلوں میں 235گائوں کے 395691مالکان کے کاغذات کی کمپیوٹرائزیشن مکمل کر کے اس کو لینڈ ریکارڈ منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ڈیجیٹل ڈیٹا بیس )میں منتقل کر دیا گیا ۔اب کمپیوٹرائزڈ نقولات اور انتقالات کا حصول One Window Operationکے تحت لینڈ ریکارڈ سروس سینٹر سے Biometric Impressionاور تصویر کے ساتھ صرف 15منٹ کے مختصر دورانیہ میں حاصل کیا جا سکتا ہے ۔

عوام گھر بیٹھے آن لائن اپنا ریکارڈ ویب پورٹل www.ajkzameen.gok.pk کے ذریعے ملاحظہ کر سکتے ہیں ۔انہوں نے بتا یا کہ کمپیوٹرائزڈ لینڈ ریکارڈ سینٹر سے اب تک 12000 کمپیوٹرائزڈ نقولات اور 1500کمپیوٹرائزڈ انتقالات جاری کیے جا چکے ہیں ۔ اسکے علاوہ حکومت کے خزانے میں پچیس لاکھ روپے کی آمدن پہلی دفعہ اس کمپیوئزیشن کی بناء پر داخل کی جا چکی ہے ۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ماہانہ سات لاکھ روپے اوسط ً ان تین تحصیلوں سے حکومت کے خزانے میں داخل کیے جا سکیں گے ۔

اسی منصوبہ کے فیز II-میں آزادکشمیر میں آٹھ مزید تحصیلوں کے لینڈ ریکارڈکی کمپیوٹرائزیشن مکمل کی جائے گی جس سے عام شہری کو کمپیوٹرائزڈ ڈاکومنٹس One Window Operationکے تحت بروقت ملنا شروع ہو جائیں گے بلکہ حکومتی آمدن کا ایک اور شفاف ذریعہ میسر ہو جائے گا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیاز رنا نے اس منصوبے کی افادیت اور اہمیت کے پیش نظر آئی ٹی بورڈ اور بورڈ آف ریونیو کی دن رات محنت کو سراہتے ہوئے اس امر کا اظہار کیا کہ یہی منصوبہ صوبوں میں کافی سال سے چل رہا ہے اور ابھی پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا ۔

جس رفتا ر سے آزاد کشمیر میں اسکا فیز1پایہ تکمیل کو پہنچا و ہ قابل تحسین ہے ۔اجلاس کے آخر میں چیف سیکرٹری نے آئی ٹی کے دیگر منصوبہ جات کی کارکردگی رپورٹ کے بارے میں نہ صرف استفسار کیا بلکہ عوام کی آگاہی کے لیے موثر تشہیر پر بھی زور دیا تاکہ عام شہری کو جو سہولیات آئی ٹی کی بناء پر مل رہی ہیں وہ اس سے مکمل آگاہ رہیں۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل اور کامیابی کا سہرا بلاشبہ ان ٹیم ہاء پر تو جاتا ہے جنہوں نے دن رات کام کر کے اس کو ممکن بنایا لیکن ساتھ ہی ان کے پیچھے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سرپرستی اور سیکرٹری و ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی بورڈ کی ہمہ وقت نگرانی کا بھی بڑا ہاتھ رہا۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ آئی ٹی کی ترقی نے جہاں عوام کے مسائل حل کرنے میں مدد دی ہے وہیں ان کا قیمتی وقت بھی بچایا ہے ۔ آزادکشمیر میں آئی ٹی کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس شعبہ کی ترقی کیلئے حکومت وافر مقدار میں فنڈز مہیا کررہی ہے ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں