وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر کی زیر صدارت آٹے کی کمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس

منگل 21 جنوری 2020 00:03

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت آزادکشمیر میں آٹا کی کمی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر خوراک اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ریاست کے بالائی علاقوں سمیت مختلف اضلاع میں آٹے کی طلب اور موجود سٹاک کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں آٹا کا کوئی بحران نہیں ہمارے پاس مطلوبہ سٹاک موجود ہے ۔جن علاقوں میں سپلائی متاثر ہے اس کو فوری طور پر تیز کیا جائے۔آزادکشمیر کے برفباری سے متاثرہ علاقوں میں اپریل تک سٹاک موجود ہے ۔انہوں نے کہاکہ کسی کو گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کرنے نہیں دی جائیگی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ آزاد کشمیر میں فلور ملز کو گندم کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے پاکستان میں بحران کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں موسمی شدت کے پیش نظر اضافی سٹاک رکھا جائے۔

وزیراعظم نے محکمہ مالیات کو درکار فنڈز فوری طور پر فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔اجلاس میں وزیر خوراک سید شوکت علی شاہ نے بتایا کہ آزادکشمیر کے پاس اپریل تک گندم کا ذخیرہ موجود ہے ۔ فلور ملز کو گندم کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے ۔آزادکشمیر میں آٹا کی تقسیم کا عمل محکمہ خوراک خود کرتا ہے۔محکمہ مالیات کو گندم کی ڈھلائی کے لیے درکار فنڈز کے لیے تحریک کردی ہے ۔فنڈز اگر بروقت مل گئے تو آزادکشمیر میں اپریل تک آٹے کا کوئی بحران نہیں ہو گا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں