وزیراعظم آزادکشمیر کی ہدایت پرکشمیر کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ریاست بھر میں ’’پھیرن و کانگڑ ی ڈے‘‘ منایا گیا

بدھ 19 فروری 2020 20:13

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2020ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیر کی ہدایت پرکشمیر کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ریاست بھر میں ’’پھیرن و کانگڑ ی ڈے‘‘ منایا گیا۔ آزادکشمیر کے تمام شہروں اور قصبوں میں واک کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب ریاستی دارالحکومت مظفرآباد میں منعقد ہوئی۔

آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کالج گراؤنڈ سے اپراڈہ تک واک کاانعقاد کیا گیا جس میں وزراء حکومت ڈاکٹر مصطفی بشیر،چوہدری شہزاد محمود ،صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر،مرکزی جائنٹ سیکرٹری پی ٹی آئی خواجہ فاروق احمد،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر،سیکرٹری سیاحت واطلاعات محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل منصور قادر ڈار،سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی، ڈی جی اطلاعات راجہ اظہر اقبال،ڈی جی سیاحت ارشادپیرزادہ،ڈی جی کشمیر کلچر ل اکیڈمی چوہدری شفقت، صدر مرکزی ایوان صحا فت سجاد قیوم میر،سابق صدور سید آفاق حسین،طارق نقاش،ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر عبدالرحمان، چیئرمین تاجر جائنٹ کمیٹی عبدالرزاق خان ،سرکاری آفیسران کے علاوہ بنکوں کے ذمہ داران ،تاجروں سیاسی سماجی افراد طلباء شہریوں کی بڑی تعدادنے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

واک میں شریک سیاسی و سماجی شخصیات،سرکاری آفیسران ، طلباء نے پھیرن پہن کر اور ہاتھوں میں کانگڑی اٹھا ئے کشمیر کی خوبصورت ثقافت کی نمائش کی۔ واک کے اختتام کے بعد محکمہ سیاحت کے زیراہتمام اپر اڈہ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تقریب کے مہمان خصوصی وزیرحکومت ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے اعلان کیا کہ ہر سال پندرہ دسمبر کو پھیرن و کانگڑی ڈے منایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ آج مجھے ذاتی طور پر پھیر ن پہن کر خوشی ہوئی۔ تما م محکموں یونیورسٹی کے طلبہ باالخصوص محکمہ سیاحت کا شکریہ اداکرتا ہوں کہ انہوں نے آج کشمیر کی ثقافت کے حوالے سے اس تقریب کا اہتمام کیا۔کلچرل اکیڈمی کے ذریعے کشمیر کی ثقافت پر بھرپور کام ہورہاہے۔ کشمیر ی زبان کو نصاب کا حصہ بنایا جائے گا۔ سماجی بہبود شال بافی پر بڑا کام کررہی ہے۔

قانو ن ساز اسمبلی میں کشمیر کی ثقافت کو اجاگر کیا گیاہے۔ صدر پی پی پی چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہنددستان نے پانچ اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جو غیرقانونی اقدامات اٹھاے آرپار کے کشمیریوں نے اسے مسترد کر کے بدترین لاک ڈاون کو پاوں تلے روندا ہے آج کا یہ ایونٹ منانے کا مقصد بھی بھارت کے ہر غیرقانونی اقدام کو مسترد کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران مقبوضہ کشمیر میں محکوم کشمیریوں پر جتنی مرضی پابندیا ں لگائے کشمیر ی تما م تر پابندیوں کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہوئے حق خودارادیت سمیت اپنی ثقافت کی خون کے آخری قطرے تک حفاظت کرینگے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری فرحت علی میر نے اپنے خطاب میں کہا کہ پھیرن اور کانگڑی کشمیر کی خوبصورت ثقافت کا حصہ ہے حکومت کشمیری ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے جلال آباد گارڈرن میں محکوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خوبصورت باغ بنایا گیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹر ی سیاحت واطلاعات محترمہ مدحت شہزاد نے کہاکہ آج کے دن کو منانے کا مقصداپنی ثقافت کے ساتھ تعلق قائم رکھنا ہے۔

آزادکشمیر میں ایسے وقت میں ’’پھیرن و کانگڑی ڈے‘‘ منایا جارہا ہے جب ایل او سی کے اس پار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے سرکار ی دفاتر میں پھیر ن پہن کر جانے پر پابند ی عائد کررکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپر اڈہ کو فوڈ سٹریٹ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ کشمیر ی زبان کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جائینگے۔ اس موقع پر اپراڈہ میں کشمیر ی کھانوں اور مصنوعات پر مشتمل مختلف سٹالز لگائے گئے جن میں روایتی کشمیری قلچہ‘باقرخانی‘کشمیر ی چائے ، گوشتابے اورہریسہ شہریوں کی بھرپور توجہ کا مرکز بنے رہے۔

کشمیر ی کھانوں پرمشتمل سٹال لالہ زار کے آنر لالہ مصطفی نے لگایا۔ کشمیر ی دستکاری پر مشتمل سٹال محکمہ سماجی بہبود نے لگایا۔ ٹیوٹا نے بھی مختلف مصنوعات کاسٹال لگایا۔شہریوں نے ’پھیرن و کانگڑ ی ڈے‘‘ منانے کو سراہا ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں