برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پارلیمانی گروپ آن کشمیر کا گیارہ رکنی وفد پاکستان اور آزاد کشمیر کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا

بدھ 19 فروری 2020 21:56

مظفر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پارلیمانی گروپ آن کشمیر کا گیارہ رکنی وفد پاکستان اور آزاد کشمیر کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت گروپ کی چیئرپرسن رکن پارلیمنٹ ڈیبی ابراھام کر رہی ہیں جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں ممبران پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین، جیمز ڈیلی، مارک ایسٹووڈ، طاہر علی، لارڈ قربان حسین، جوڈیتھ کمنز، سارا برٹکلف کے علاوہ تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چئیرمین راجہ نجابت حسین اور مانچسٹر سے کونسلر یاسمین ڈار اور سابق مئیر اولڈہم شاداب قمر وفد میں شامل ہیں، ڈیبی ابراھام کی قیادت میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے وفد کا اسلام آباد ائرپورٹ پر استقبال کیا گیا، وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان کی طرف سے ڈیبی ابراھام اور دیگر اراکین کو گلدستے پیش کئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل جموں وکشمیر لبریشن سیل فدا حسین کیانی، ڈائریکٹر امورکشمیروزارت خارجہ شیراز عاصم، حریت کانفرنس کے عبدالحمید لون، یوتھ پارلیمنٹ کے عبید الرحمان قریشی، کنول حیات اور دیگرز نے ائرپورٹ پر وفد کا خیر مقدم کیا۔ برطانوی وفد اپنے دورے کے دوران مظفرآباد اور میرپور کا دورہ بھی کرے گا اور صدر آزاد کشمرسردار مسعود خان، وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کے علاوہ حریت رہنماؤں اور دیگر سیاسی قائدین سے ملاقاتوں کے علاوہ مہاجر کیمپوں اور سیز فائرلائن کا دورہ بھی کرے گا۔

راجہ نجابت حسین چیئرمین جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین کے اس وفدکے کوآرڈینیٹر ہیں۔ یاد رہے کہ دو روز قبل اس وفد کی سربراہ کو ہندوستان نے ائرپورٹ پر روک کر ان کا ویزہ مسترد کر کے انہیں واپس دوبئی بھیج دیا تھا جہاں سے وہ اسلام آباد پہنچی ہیں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں