جامعہ کشمیراورامریکی سفارتخانہ کے مابین اشتراک میں مزید توسیع

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی اورامریکی قونصلر جولیافینڈرک نے لنکن کارنر کیلئے ایم او یو پردستخط کیئے جامعہ کشمیر میں قائم لنکن کارنریونیورسٹی اورسفارتخانے کامشترکہ منصوبہ ہے،لنکن کارنر کے قیام کو13 سال مکمل ہونے پرکیک بھی کاٹاگیا

بدھ 26 فروری 2020 16:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) امریکی سفارتخانہ اسلام آباد اور آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی نے لنکن کارنراشتراک میں مزید ایک سال کی توسیع کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ امریکی سفارتخانے کی قونصلر برائے تعلقاتِ عامہ Julia Frendrick اورجامعہ کشمیر کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اس یادداشت پر دستخط کیے۔

2007ء میں قائم ہونے والا لنکن کارنرجامعہ کشمیر اورامریکی سفارتخانہ کا مشترکہ منصوبہ ہے۔ مفاہمت پر دستخط کے ساتھ، لنکن کارنر کے قیام کو 13سال مکمل ہونے پر کیک بھی کاٹا گیا۔ترجمان جامعہ کشمیر کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں قائم لنکن کارنر کے قیام میں مزید ایک سال کی توسیع کے سلسلہ میں سٹی کیمپس جامعہ کشمیر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی، امریکی سفارتخانہ کی قونصلر برائے تعلقات عامہ مشل جولیا،سفارت خانہ کی نمائندہ مس لنڈا پارکر، رجسٹرار جامعہ کشمیر،فیکلٹی آف سائنسز،فیکلٹی آف آرٹس،انجینئرنگ اور ہیلتھ سائنسز کے ڈینز،سربراہان شعبہ جات، اساتذہ، طلبا و طالبات اور پاکستان، یو ایس ایلومنائی نیٹ ورک کے مقامی ارکان سمیت لنکن کارنر کی کوارڈینٹر مس آمنہ گیلانی اور علیم الدین نے بھی شرکت کی۔

امریکی سفارتخانہ اسلام آباد پاکستان بھر میں اٹھارہ لنکن کارنرز پر مشتمل نیٹ ورک چلا رہا ہے۔ لنکن کارنر دراصل ایک ریسورس سینٹر ہے جہاں سرکاری لابئریریوں، جامعات اور ثقافتی مراکز پاکستانی اداروں کے ساتھ ملکر تقریبات کے انعقادکرتیہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہو? کہا ہے کہ جامعہ کشمیر انٹر نیشنل اداروں کے اشتراک سے تعلیمی انقلاب کے جانب گامزن ہے،اس سلسلہ میں امریکی سفارتخانہ اورجامعہ کشمیر کا پائیدار ساتھ ہے۔

ہم امریکی سفارتخانہ اور بطور خاص امریکی عوام کے شکر گزا ر ہیں جنہوں نے آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کیا، اسی تعاون کے باعث جامعہ کشمیر کے طلبہ کو لنکن کارنر میں اعلیٰ تعلیمی مواقع اور اسکالرز شپس کے متعلق معلومات فراہم ہورہی ہیں۔ رئیس جامعہ ڈاکٹر کلیم عباسی نے مزید کہا کہ لنکن کارنر طلبہ واساتذہ کیلئے علمی اور تحقیقی وضائف مہیا کرنے میں معاون ثابت ہوا ہے۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے امریکی سفارتخانہ کی قونصلر برائے تعلقات عامہ مشل جولیا نے کہا کہ لنکن کارنرز ہمیں پاکستانیوں کے ساتھ کھل کر بات چیت کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جو خوشحالی، باہمی مفاہمت اور عوام سے عوام کے تعلقات کو فروغ دیتے ہیں۔ لنکن کارنر مظفرآباد کو دوبارہ تزئین و آرائش کے بعد عام لوگوں کے استعمال کے لئے اضافی وسائل کے ساتھ مزید سہولت بخش بنایا جا رہاہے۔

لنکن کارنر کتابوں، رسائل، ویڈیوز، اِی بُکس اور اِی لائبریری یو ایس اے تک بلا قیمت رسائی فراہم کرتا ہے۔ لنکن کارنر میں لوگ ڈیٹا بیسز کے ایک بڑے ذخیرے، علمی جرائد، اِی بکس، اخباری کالموں اور اِی لائبریری یو ایس اے کے ذریعے ملٹی میڈیا ماخذ تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ امریکی سفارتخانہ اسلام آبادکے اشتراک سے یہ لنکن کارنر جامعہ کشمیر کے طلبہ اور مقامی آبادی کو انگریزی زبان سیکھنے، امریکہ میں تعلیم کے وسائل، سائنس اور ٹیکنالوجی، ذاتی کاروبار کے آغاز، گوشہِ تخلیق اور امریکہ کے بارے میں معلومات پر مبنی ماہانہ پروگرام کا انعقاد کرتا ہے۔

کارنر نے صنفی بنیادوں پر امتیاز اور تشدد کے بارے میں شعور بیدار کرنے، ابھرتے ہوئے انٹرپرینیوئرز کے مابین تبادلہ معلومات کے فروغ، جبکہ گوشہ تخلیق اور اسپارک لیب کے ذریعہ جدت و تخلیق کی حوصلہ افزائی کیلئے بھی پروگراموں کی میزبانی کی ہے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں