حکومت کے بروقت اقدامات سے آزادکشمیر میں کرونا وائرس ابھی تک قابومیں ہے ، محمد فاروق حیدر

ہمارے وسائل دیگر صوبو ں سے کم ہیں ، اس کے باوجو دہم نے انسداد کرونا مہم کے لیے بھرپور اقدامات کیے، حکومت کیساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے وہ انسداد کرونا مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ، وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعہ 3 اپریل 2020 16:54

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے آزادکشمیر میں کرونا وائرس ابھی تک قابومیں ہے ۔ ہمارے وسائل دیگر صوبو ں سے کم ہیں لیکن اس کے باوجو دہم نے انسداد کرونا مہم کے لیے بھرپور اقدامات کیے ۔ پاکستان بھر میں اس وقت کرونا ٹیسٹ کی 14 لیبارٹریز قائم کی گئی ہیں جبکہ ہم نے 4 لیبارٹریز قائم کر دی ہیں ۔

حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ انسداد کرونا مہم کو کامیاب بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ کرونا آئیسولیشن ہسپتال مظفرآباد جدید سازو سامان سے لیس ہسپتال ہے ۔ کرونا کے حوالہ سے ملک بھرمیں اس لیول کا شاہدہی کوئی اور ہسپتال ہو ۔

(جاری ہے)

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کرونا وائرس کے مکمل خاتمہ کے بعد اس ہسپتال کو کارڈیک ہسپتال بنایا جائے گا جس میں اینجیوپلاسٹی اور اینجیو گرافی کی سہولیات میسر ہو ں گی۔

دیہی علاقوںمیں کرونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کرنے اور باہر سے آنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔ بیرون ملک سے آنے والوں کو قرنطینہ سینٹر میں رکھنے کے بعد انہیں گھروں کو بھیجا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جمعہ کے روز یہاں دارالحکومت مظفرآباد میں کرونا آئیسولیشن ہسپتال کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، وزیر آئی ٹی و ٹیوٹا ڈاکٹر مصطفی بشیر ، وزیر صنعت و ترقی نسواں محترمہ نورین عارف ، وزیر تعلیم بیر سٹر افتخار گیلانی ، چیف سیکرٹری آزادکشمیر مطہر نیاز رانا ، انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین خان ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل فرحت علی میر ، سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل طاہر سردار ، سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت و آئی محترمہ مدحت شہزاد ، سپیشل سیکرٹری صحت عامہ سہیل اعظم ، ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن راجہ اظہر اقبال ، ڈائریکٹر جنرل صحت عامہ سردار آفتاب خان ، ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی ڈاکٹر خالد رفیق ، کمشنر مظفرآبادمحترمہ تہذیب النساء ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس راجہ شہریار سکندر اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ موجود تھے ۔

اس موقع پر محکمہ صحت کے حکام نے وزیراعظم کو آئیسولیشن ہسپتال کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ ہسپتال آفیسر کلب کی نو تعمیر شدہ عمار ت میںقائم کیا گیا ہے ۔ دو فلور پر مشتمل اس عمارت میں 6 بیڈ کا آئی سی یو اور 6 بیڈ کا ایچ ڈی وی قائم کیا گیا ہے جبکہ دس دس بیڈ کے دو آئیسولیشن وارڈ زبھی قائم کیے گیے ہیں ۔ ہسپتال میں کام کرنے والے آفیسرز کیلئے 7الگ آئیسولیش رومز قائم کیے گئے ہیںجبکہ ہسپتال میں مزید بیڈز کے اضافے کی گنجائش بھی موجود ہے۔

ہسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کو مکمل حفاظتی کٹس فراہم کر دی گئی ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ کرونا کے خدشہ کے پیش نظر حکومت آزادکشمیر نے بروقت اور فوری اقدامات اٹھائے ۔ ہم نے 18مارچ سے قبل ہی سیاحوں اور بکروالوں کا داخلہ آزادکشمیر میں بند کر دیا تھا جبکہ ہم نے لاک ڈائون پر بھی بہترین طریقے سے عملدر آمد کروایا۔

انہوں نے کہاکہ دیہی علاقوں LHVs ، محکمہ لوکل گورنمنٹ ، انتظامیہ و پولیس کے اشتراک سے کمیٹیاں تشکیل دی جارہی ہیں جو باہر سے آنے والوں اور کرونا کے مشتبہ مریضوں کی نشاندہی کر کے رپورٹ کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اجتماعات کو کم کرنے کے لیے علماء کا فتویٰ موجود ہے کسی فرقہ با الخصوص تبلیغی جماعت کو ٹارگٹ نہ کیا جائے۔البتہ تبلیغی جماعت کے علماء سے گزارش ہے کہ وہ اس حوالہ سے ہدایات جاری کریں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے اسوقت مقبوضہ کشمیر اور خود ہندوستان کے اندر بسے والی اقلیتوں پر ظلم وستم میں اضافہ کر دیا ہے۔اسوقت پوری دنیا کرونا وائرس سے متاثرہے جبکہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے ان جارحانہ اقدامات کیوجہ سے اب وہ وقت دور نہیں جب ہندوستان ٹکڑے ٹکڑ ے ہوگا اور ہم اسکی تباہی کے مناظر دیکھیں گے۔

وزیر اعظم پاکستان،اپوزیشن لیڈر اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین سے گزارش کی ہے کہ اس نازک موقع پر مسئلہ کشمیر پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ یہ مسئلہ کرونا کیوجہ سے کہیں گم نہ ہوجائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گراں فروشوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ان کی نشاندہی کریں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کو نشان عبرت بنائیںگے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا کہ کرونا وائر س کے حوالہ سے متعلقہ محکمہ جات نے بہترین کام کیا ہے جن میں پولیس،انتظامیہ، صحت عامہ،محکمہ اطلاعات اور تعمیرات عامہ شامل ہیںجبکہ میڈیا نے بھی اس قومی مہم میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہا کہ مخیر حضرات اس موقع پر آگے آئیں اور اسلامی فلاحی معاشرے کی بنیاد ڈالیں ۔کسی کی مدد کرتے وقت فوٹو سیشن سے اجتناب کیا جائے تاکہ مستحقین کی عزت نفس مجروع نہ ہو۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں