کرونا کی وباء سے نجات ،بچائو کیلئے وزیر اعظم آزاد کشمیر کی اپیل پر توبہ استغفار اور اجتماعی دعائیہ تقریب کا انعقاد

دعائیہ تقریب میں ہر فرد دوسرے سے مناسب فاصلے پر کھڑا رہا ،ہیلتھ ایس او پی کا مکمل خیال رکھا گیا

جمعہ 3 اپریل 2020 16:54

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2020ء) کرونا وائرس کی وباء سے نجات اور بچائو کیلئے وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی اپیل پر جمعہ کے روز ہائیکورٹ سے ملحقہ گرائونڈ میں توبہ استغفار اور اجتماعی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان ، وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی ، وزیر تعلیم بیرسٹر افتخا ر گیلانی، چیئرمین مرکزی ذکوٰة کونسل صاحبزادہ سلیم چشتی، چیف سیکرٹری مطہر نیاز رانا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین ، آئی جی پولیس صلاح الدین محسود، سیکرٹریز حکومت ، سربراہان محکمہ جات، سرکاری ملازمین اور شہریوں نے شرکت کی ۔

دعائیہ تقریب میں ہر فرد دوسرے سے مناسب فاصلے پر کھڑا تھا اور ہیلتھ ایس او پی کا مکمل خیال رکھا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے خود دعا کروائی اور گڑگڑا کر اللہ رب العزت سے اس وباء سے پوری انسانیت کو نجات دینے ،مخلوق کے گناہوں پرمعافی اور اپنے خصوصی فضل وکرم عنایت کرنے کی دعا کی۔ وزیر اعظم نے دعا کی "اے اللہ تو ہی طاقتور ہے اور ہم تیری طاقت کا اقرار کرتے ہیں،ہم تیرے عاجز ،ناتواں اور گنہگار بندے ہیں، ہم صرف تیری رحمت اور تیرے فضل کے طلبگار ہیں، ہمیں معاف فرما، تجھے تیرے رحیمی کا واسطہ ہمیں اس وبا کی آزمائش سے نجات عطا فرما ، ہم یہ جانتے ہیں یہ ہمارے گناہوں اور نافرمانیوں کا نتیجہ ہے تو ہمارے تمام عیوب پر پردہ فرما کر معاف فرما ، تیرے محبوب کا واسطہ ہمارے گناہ معاف فرما، تجھے تیرے انبیا کا واسطہ ہمارے گناہ معاف فرما ، تیرے رحم وکرم کے سامنے ہمارے گناہو ں اور نافرمانیوں کی کوئی حیثیت نہیں، اے میرے مولا تو ہمارے ان گناہوںکو نہ دیکھ اپنے رحم وکرم اور شان کریمی ہم پر نجھاور فرما، اس وبا سے جہاں جہاں لوگ بیمار ہیں ،ان کو شفاکاملا عطا فرما، آزادکشمیر،مقبوضہ کشمیر،پاکستان اور ساری دینا پر رحم وکرم فرما، مخیر حضرات کو اپنے ارد گرد کے مستحقین اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرما ،تو ہی شفا دینے والا ہے ،تو ہی دعائیں قبول کرنے والا ہے، اے اللہ ہمارے مقبوضہ کشمیر کے بھائی پچھلے 7ماہ سے اس مصیبت کا شکار ہیں۔

آج 15دن میں لوگ اس مصیبت میں تنگ آگے ہیں ان سے گزرش ہے کہ اپنے ان بھائیوں سے سبق حاصل کریں جو پچھلے 7ماہ سے جبر کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ اے اللہ ظالم حکمرانوں کو غارت وتباہ فرما اس لیے کہ وہ ان مسلمانوں پر جو تیرے نام لیوا ہیں ،تیرے محبوب کے نام لیوا ہیں ان پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ اے پرور دیگار تو ہم پر ایسا بوجھ نہ ڈال جو تم نے ہم سے پہلے والوں پر ڈالا۔

اے پرودیگار ایسا بوجھ نہ ڈال جو ہم اٹھا نہ سکیں۔ہمیں درگزر فرما ،ہیں بخش دے اور ہم پر رحم فرما۔ اے اللہ ہماری دعائوں کو قبول فرما ،ہمارے گناہوں کو معاف فرما اور بشمول میرے جس کے پاس بھی کوئی اختیار ہے اس کے گناہ معاف فرما ۔ تیرے حضور کھڑے ہیں اپنے رسول کے واسطے ،اپنے حبیب کے واسطے ہمیں معاف فرما دے ہماری لغزشوں اور کوتاہیوں کو معاف فرما دے۔اے اللہ میاں ہمیں معاف فرما دے۔ہمیں معاف فرما دے۔ہمیں معاف فرما دے۔آمین

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں