ہندوستان میں مسلمانوں کو مذہبی فریضوں کی ادائیگی سے روکا جا رہا ،چن چن کر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، محمد فاروق حیدر

کشمیر میں9 ماہ سے جو ہو رہاہے وہ انسانی تاریخ کا المیہ ہے، علماء کرام کی ذمہ داری ہے کرونا کی وبا سے بچائو کے لئے شعور بیدار کریں، وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 27 مئی 2020 16:37

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مرکزی عید گاہ میں نماز عید الفطر ادا کی۔ اس موقع پر کرونا سے بچائو کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔عید الفطر کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمیں وہ طریقہ اختیار کرنا ہے جو اللہ و رسول کا حکم ہے، ہندوستان میں مسلمانوں کو مذہبی فریضوں کی ادائیگی سے روکا جا رہا ہے اور چن چن کر مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

کشمیر میں9 ماہ سے جو ہو رہاہے وہ انسانی تاریخ کا المیہ ہے۔ کشمیر ی 9 ماہ سے لاک ڈاون میں ہیں، یہاں ایک ماہ میں لوگوں کی چیخیں نکل گئیں، یہاں تو عوام کو کرونا سے بچانا کے لیے لاک ڈاون کیا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر کا رابطہ دنیا سے منقطع کر کے انہیں بدترین مظالم کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان کی املاک کو بھارتی فوج تباہ کر رہی ہے تاکہ انہیں تکلیف پہنچے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علماء کرام کی ذمہ داری ہے کرونا کی وبا سے بچائو کے لئے شعور بیدار کریں۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے طفیل اللہ پاک کشمیری مسلمانوں کی خصوصی مدد فرمائیں گے۔ عید کے بابرکت موقع پر ہندوستان کے مسلمانوں کے لیے بھی دعا گو ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر سمیت کوئی بھی گلے لگ کر عید نہیں ملا۔لوگوں نے مصافحہ سے بھی اعتراض کیا۔وزیراعظم نے ہاتھ ہلاکر لوگوں کو عید کی مبارکباد دی اور انہیں حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی۔نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر میں لاک ڈاون جاری رہے گا، عید کی چھٹیوں کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں