کشمیری ایک ایسی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں جیت پاکستان کی جیت ہو گی‘سید مجاہد عباس نقوی

جمعرات 12 نومبر 2020 12:36

ہٹیاں بالا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2020ء) سیاسی وسماجی راہنما سید مجاہد عباس نقوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سروں پر کفن باندھ کر اور موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر استعمار سے لڑ رہے ہیں اور یہاں مایوسی کی باتیں سننے کو مل رہی ہیں۔ کشمیری ایک ایسی جنگ لڑ رہے ہیں جس میں جیت پاکستان کی جیت ہو گی اس لئے اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان کے 22کروڑ عوام اور آزاد کشمیر کے لوگ کشمیریوں کی حمایت میں باہر نکلیں، سیاسی رہنما دنیا کے ہر پارلیمانی فورم کا دروازہ کھٹکھٹا ئیں اور ہمارے سفارتکار جارحانہ سفارتکاری کے ذریعے دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال کے حوالے سے آگا ہ کریں۔

مقبوضہ کشمیر پورے کرہ ارض میں وہ واحد خطہ ہے جہاں کے باسیوں کو باوقار زندگی گزارنے، صحت اور تعلیم کے حقوق سے محروم کرنے کے علاوہ ان کی زمین ان سے چھینی جارہی ہے اور ان کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

لاکھوں بھارتی شہریوں کو لا کر کشمیریوں کی زمینوں پر آباد کیا جا رہا ہے اور ہر روز نوجوانوں کو قتل اور معذور کیا جا رہا ہے جبکہ ان کی خواتین کی عزت و حرمت کے ساتھ کھیلا جا رہا کہ اہل کشمیر پاکستان کی حمایت کے شکر گزار ہیں جس نے کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بار بار اٹھایا، دنیا کی سول سوسائٹی اور میڈیا کو متحرک کیا اور بھارت کے بدنما استعماری چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم میں سے کچھ لوگ مایوسی کی باتیں کر رہے ہیں وہ ترک کر دیں اور متحد اور ایک ہو کر کشمیر کے مسئلے پر عالمی برادری کی فیصلہ کن حمایت حاصل کرنے کے لئے ایک نئی حکمت عملی کے ساتھ کشمیریوں کو ظلم و جبر سے نجات دلانے اور ان کو ان کا حق خودارادیت دلانے کے لئے جدوجہد کریں۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں