کارپوریٹ سوشل ریسپانس ایبلٹی کے تین ایوارڈز ایس سی او کے نام

پیر 1 مارچ 2021 14:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) نے نیشنل فورم فار انوائرنمنٹ اینڈ ہیلتھ (NFEH)کے تیرہویں سالانہ سی ایس آر ایوارڈز 2021میں کارپوریٹ سوشل ریسپانسیبلٹی کے میدان میںاپنی کاوشوں اور نمایاں کردار کے اعتراف میں ایک اور بڑا اعزاز حاصل کر لیا ہے جہاں ایس سی او کو تین کیٹگریز؛ عوامی ترقی و خدمات، سماجی اثرات اور پائیداری اور سی ایس آر رائونڈ دی کلاک میں ایوارڈ کا حقدار قرار دیا گیا ہے۔

تقریب میں سردار مسعود خان (صدر آزاد جموں و کشمیر)، چوہدری محمد سرور (گورنر پنجاب)، ڈاکٹر ثانیہ نشتر ( وزیر اعظم کی خصوصی معاون برائے غربت کا خاتمہ اور سماجی تحفظ) اور فواد چوہدری (وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی) نے مہمانانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایس سی او آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو تھری جی اور فور جی سمیت تمام کمیونیکیشن برانڈ اور ایس پیسہ کے نام سے برانچ لیس بینکنگ کی خدمات فراہم کرنے والی صف اول کی ٹیلی کام کمپنی ہے، ایس سی اوکا یہ اعزاز ادارے کی کامیابیوں کے سفر میںنہ صرف ایک نئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ خطے کے عوام بالخصوص نوجوان طبقے کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے ایس سی او کی کوششوں کی ایک سند بھی ہے۔

عوام کی سماجی و معاشی ترقی ایس سی او کی کاوشوں کا محور ہے جو تعلیمی سہولیات تک رسائی، پائیدار شہر کیلئے صفائی مہم، ملین ٹری شجرکاری پروگرام اور آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے دوردراز علاقے کے نوجوانوں کی ترقی اور ان کی صلاحیتیں قومی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے مصوری اور فوٹو گرافی کے مقابلے اور دیگر اقدامات سے عیاں ہے۔علاوہ ازیں کوویڈ 19کی وبا کے دوران ایس سی او کا کردار قابل تعریف ہے جب رعایتی ٹیلی کام سروسز ، طلباء کیلئے کمیونٹی مراکز کے قیام، احساس کفالت پروگرام کی رقوم کی تقسیم اور دیگر خدمات کی صورت میں عوام کو پندرہ ارب روپے کا خصوصی ریلیف فراہم کیا گیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایس سی او کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل علی فرحان ہلال امتیاز (ملٹری) نے کہا کہ یہ کامیابیاں اور اعزازات ہمارے جذبے اور عزم کو پختہ تر کر دیتے ہیں ایس سی او کی سی ایس آر پالیسی اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی حوالے سے پائیدار طریقہ سے ادارے کو ایک ایسا روڈ میپ فراہم کرتی ہے جو شفاف بھی ہے اور اخلاقی اقدار سے ہم آہنگ بھی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایس سی او اس دوردراز خطے کے عوام کی زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کرتا رہے گا۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں