اشرف صحرائی کی دوران حراست قتل کی مذمت

پاسبان حریت اور انٹرنیشنل فورم فارجسٹس کے زیر اہتمام مظفرآباد میں احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 6 مئی 2021 14:26

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کی زیر حراست وفات پرآزاد جموںوکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں پاسبان حریت جموں و کشمیر اور انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام ایک بڑااحتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بڑی تعداد میں لوگوںنے برہان مظفر وانی شہید چوک پر جمع ہو کر اشرف صحرائی کی دوران حراست وفات پر غم و غصہ اور سوگ کا اظہار کیا اور احتجاجا ً سیاہ جھنڈے لہرائے ، بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف نعرے بلند کئے اور ٹائر جلائے۔ مظاہرین نے بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اقوام متحدہ سے محمد اشرف صحرائی کے حراستی قتل کا سنجیدہ نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی اور وائس چیئرمین انٹرنیشنل فورم فار جسٹس مشتاق الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد اشرف صحرائی کو بھارتی حکومت نے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت جیل میں شہید کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کے شدید علالت کے باوجود اسیر رہنما کو گزشتہ کئی دنوں سے علاج معالجے سمیت تمام بنیادی سہولتوں سے محروم رکھ کربھارتی حکومت نے قابل نفرت جرم کا ارتکاب کیا ہے ۔

انہوںنے اقوام متحدہ سے اشرف صحرائی کے حراستی قتل کا فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی حکومت سے بھارت کی جیلوں میں قید کشمیری رہنمائوںکی فوری رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ جنھیں بھارتی قابض انتظامیہ اور افواج نے جرم بے گناہی میں قید کر رکھا ہے۔ بھارت مخالف مظاہرین نے برہان وانی چوک سے ڈسٹرکٹ کمپلیکس تک احتجاجی مارچ کیااور آزادی، اسلام اور محمد اشرف صحرائی شہید کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں